تازہ ترینعلاقائی

پتوکی:آئندہ بلدیاتی انتخابات میں حکمران پارٹی کو شکست فاش ہوگی۔جماعت اسلامی

downloadپتوکی(نامہ نگار)عوام مہنگائی اور بے روزگاری کے ذمہ دار حکمرانوں سے چند ہفتوں میں ہی اکتا چکے ہیں۔جھولیاں بھر بھر کر شیر کو کامیاب کرنے والے آئندہ بلدیاتی الیکشن میں حکمرانوں کو شکست فاش دیں گے۔جماعت اسلامی نے بلدیاتی الیکشن لڑنے کیلیے پندرہ جون تک پنجاب بھر میں اپنے امیدواروں کے ناموں کی حتمی فہرست مرتب کرنے کیلیے ضلعی تنظیموں کا ٹاسک دے دیاہے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ضلع قصور کے تمام مقامی اور ضلعی ذمہ داران کا ایک ہنگامی اجلاس امیر ضلع عثمان غنی کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں صوبہ پنجاب کے جنرل سیکرٹری نزیر احمد جنجوعہ نے خصوصی شرکت کی۔اجلاس کے شرکا سے خطاب کرتے قیم صوبہ نذیر احمد جنجوعہ نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے چند ہفتوں میں ہی عوام پر مہنگائی کے پہاڑ توڑ دیے ہیں۔کشکول توڑنے کے دعوے کرنے والوں نے بڑا کشکول لیکر قوم کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ہے اور،،قرض اتارو ملک سنوارو،،کے نعرے لگانے والوں نے ملک کو مزید قرضوں میں جکڑ دیا ہے۔آئی ایم ایف کے کہنے پر بجلی،تیل ،اور گیس کی قیمتیں بڑھا کر اور جنرل سیلز ٹیکس بڑھا کر عوام کو مہنگائی کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔لوڈشیڈنگ پہلے سے کئی گنا بڑھ چکی ہے جس وجہ سے ہزاروں فیکٹریاں بند ہوجانے سے لاکھوں مزدور بے روزگار ہو چکے ہیں۔ڈرون حملوں اورخودکش حملوں میں بھی کوئی کمی نہیں آئی۔اس لیے چند ہفتے قبل جن لوگوں نے ،،شیر،،کو جھولیاں بھر بھر کر ووٹ دیے اب وہی لوگ جھولیاں اٹھا اٹھا کر موجودہ حکمرانوں کو بد دعائیں دے رہے ہیں ۔جماعت اسلامی کے کارکنوں کو چاہیے کہ وہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں گھر گھر پھیل جائیں اور عوام کو سمجھائیں کہ قرآن و سنت کی تعلیمات پر عمل کرنے ہی میں ہم دنیا اور آخرت میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام موجودہ حکمرانوں سے اکتا چکے ہیں اس لیے آئیندہ بلدیاتی انتخابات میں حکمران پارٹی کو شکست فاش ہوگی۔جماعت اسلامی نے صوبہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات میں زور و شور سے حصہ لینے کیلیے تیاریاں شروع کردی ہیں۔انہوں نے ضلعی ذمیداران پر زور دیا کہ وہ پندرہ جون تک ضلع بھر کے بلدیاتی امیدواروں کی فہرستیں بنا کر صوبہ کو بھیجیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ضلع قصور کے امیر عثمان غنی نے کہا کہ انشا ء اللہ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی ضلع بھر کے تمام حلقوں میں اپنے امیدوار کھڑے کرنے کی بھرپور کوشش کرے گی۔اس موقع پر ضلعی سیاسی کمیٹی کو ضلع بھر کا ہنگامی دورہ کرکے رمضان المبارک میں عوامی رابطہ مہم چلانے اور قرآن و سنت کا ابدی پیغام گھر گھر پہنچانے کا خصوصی اور ہنگامی ٹاسک دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button