
لاہور(پاک نیوز) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے نئے صوبوں کے قیام کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی کے بیان کو بل کی مخالفت کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔مریم اورنگزیب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شاہد خاقان عباسی نے جنوبی پنجاب صوبے کی مخالفت نہیں کی، دونوں صوبوں کے قیام کا بل مجلس قائمہ میں زیرغور ہے، قواعد کے تحت نیا بل پیش نہیں ہو سکتا۔مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت دھونس اور دھاندلی کے ذریعے قواعد کو ردی کی ٹوکری میں پھیکنا چاہتی ہے۔ حکومت ناخن کٹا کر شہیدوں میں شامل ہونے کی کوشش نہ کرے۔ حکومت اب قواعد وضوابط کا کھلواڑ بنا کر سیاست کی نذر کر رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کئی ماہ تک ہماری تعاون کی پیشکش کا جواب کیوں نہیں دیا؟ اب حکومت کو جنوبی پنجاب کی یاد آ گئی ہے تاکہ آئی ایم ایف سے عوام کی توجہ ہٹانے کا نیا ڈرامہ ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو نہ آئین کا پتا ہے، نہ رولز آف بزنس کا اور نہ ہی قانون سازی کا۔ اللہ تعالی اس ملک کو محفوظ رکھے۔ مسلم لیگ (ن) نے ہی جنوبی پنجاب اور بہاولپور صوبوں کے قیام کا بل جمع کرایا جبکہ پنجاب اسمبلی سے قرارداد بھی منظور کرائی تھی۔ حکومت نئے صوبوں کے قیام میں سنجیدہ ہے تو بہاولپور صوبے کو بھی تسلیم کرے