پاکستانتازہ ترین

پی آئی اے کی پہلی پرواز 354 حاجیوں کو لے کر وطن واپس پہنچ گئی

لاہور(نمائندہ خصوصی)تین سو چون حجاج کرام کو لے کر پی آئی اے کی پہلی پرواز لاہور پہنچ گئی۔وطن واپس پہنچنے والے حجاج کرام کے چہرے دہری خوشی سے دمک رہے تھے۔ایک حج کی سعادت حاصل کرنے کی خوشی، اور دوسرا ارض مقدس سے بخیر و عافیت وطن واپسی کی مسرت۔ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی پہلی حج پرواز کی جدہ سے لاہور آمد کے موقع پر علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر سخت ترین حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے ۔ میڈیا کو بھی داخلےکی اجازت نہیں دی گئی۔حجاج کرام کی آمد شروع ہوئی تو لاؤنج میں استقبال کرنے والوں کا رش لگ گیا۔کوئی ہار پہنا رہا تھا تو کسی نے مٹھائی کا ڈبہ اٹھا رکھاتھا اور سب کا منہ میٹھا کرا رہا تھا۔جو حج کی سعادت حاصل کر کے آئے ہیں ان کو یہ خوشی ہے کہ اللہ نے ان کو اپنے گھر حاضری کے لئے چنا اور جو استقبال کے لئے آئے ہیں ، وہ اس پر مسرت کا اظہارکر رہے ہیں کہ ان کے پیارے بخیر و عافیت واپس پہنچ گئے۔ایئرپورٹ کے لاؤنج میں ہر آنکھ آبدیدہ نظر آئیں۔کہیں جوان بیٹا بوڑھی ماں کا استقبال کر رہا تھا تو کسی طرف بزرگ خاتون اپنے نور نظر کو حاجی کے روپ میں دیکھ کر آبدیدہ نظر آئی۔ کچھ حجاج کرام وہیل چیئر پر بھی دکھائی دیئے۔ وہ جسمانی طور پر کمزور سہی، لیکن روح و قلب کی توانائی لے کر واپس آئے تھے ۔ایئرپورٹ پر واقع فلاور اور سویٹ شاپس کی بھی چاندی ہوگئی۔جو لوگ ائیرپورٹ آتے وقت مٹھائی یا پھول نہ لا سکے، انہوں نے لاؤنج میں موجود دکانوں سے خریداری کی اور حجاج کرام کا استقبال کیا۔

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button