
نیویارک(نمائندہ سپورٹس)ماضی کےکرکٹ اسٹارز کودیکھناہے تو آیندہ ماہ امریکا پہنچ جائیں۔ وسیم اکرم، برائن لارا، رکی پونٹنگ، شین وارن اور ٹنڈولکر سیت بڑے نام نیویارک ، ہوسٹن اور لاس اینجلس میں اپنا جادو جگائیں گے۔کرکٹ کے چمکتے ستارے آیندہ ماہ امریکا میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔ امریکا میں منعقدہ آل اسٹار ٹی ٹوئنٹی لیگ میں آیندہ ماہ تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔ ایک ٹیم کی قیادت شین وارن تو دوسری کے کپتان سچن ٹنڈولکر ہوں گے۔پاکستان کے وسیم اکرم، شعیب اختر، معین خان اور ثقلین مشتاق سمیت دیگر کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔ سیریز میں ٹنڈولکر، گنگولی لکشمن، رکی پونٹنگ، میتھیو ہیڈن، گلین مک گرا سمیت انگلینڈ، نیوزی لینڈ، سری لنکا اور دیگر ٹیموں کے اسٹارز بھی ایک بار پھر میدان میں نظر آئیں گے۔