
ٹیکسلا ( نا مہ نگار)سینیٹر عبدالقیوم ، سینیٹر عثمان کاکٹر و دیگر اہم سیاسی و سماجی شخصیات نے نیشنل بک فاونڈیشن واہ کینٹ کا دورہ کیا اور کتا کلچر کو فروغ دینے پر منتظمین کو خراج تحسین پیش کیا،تفصیلات کے مطابق نیشنل بک فاؤنڈیشن واہ کینٹ برانچ کے انچارج خلیل احمد نے اسٹال آمد پرتقریب کے مہمان خصوصی جنرل(ر)سینیٹر عبدالقیوم کا استقبال کیا ۔جنرل عبدالقیوم نے نیشنل بک فاؤنڈیشن کی شائع کردہ کتب میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔ اُن کے ساتھ معروف ماہر تعلیم اور کئی کتابوں کے مصنف جمیل یوسف نے بھی نیشنل بک فاؤنڈیشن کی کتاب کلچر کے لیے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی۔تقریب میں شامل جن اہم شخصیات نے بک اسٹال کا دورہ کیا اُن میں سینیٹر عثمان کاکڑ،ممتاز شاعر نثار ناسک ،پروفیسرڈاکٹر روش ندیم،ایوانِ دانش کے صدرنشین ملک نجیب الرحمٰن ارشد، ممتاز شاعر و نقاد طالب انصاری ،صدر’’فانوس‘‘عتیق عالم خان، چیئرمین’’واہ کلچرل فوم‘‘شعیب ہمیش،ڈراما نگاراور محقق و نقاد محمد شعیب خان،افسانہ نگار خالد قیوم تنولی،محمد ندیم(آرٹسٹ)، حافظ محمدتصدق(صدر ورکمین ایسوسی ایشن واہ کینٹ)،فرخ مہدی(گلوکار)وغیرہ شامل ہیں۔ اِن کے علاوہ حاضرین کی بڑی تعداد نے بھی بک اسٹال پر توجہ مرکوز کیے رکھی، جنہیں ریڈرز بک کلب کی ممبر شپ کے ساتھ ساتھ نیشنل بک فاؤنڈیشن کے دیگر منصوبہ جات کے حوالے سے معلومات فراہم کی جاتی رہیں اور خصوصی رعایت پر کتابوں کی فراہمی میں فاؤنڈیشن کے کردار پر روشنی ڈالی گئی۔ تقریب کے شرکاء نے این بی ایف کے کردار کو سراہا اورکئی افرادنے ریڈرز بک کلب کی ممبر شپ کا طریقۂ کار معلوم کیا۔