کراچی(ڈیسک رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ نے وفاق اور سندھ میں اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ کرلیا، سید سردار احمد وزیراعلیٰ سندھ کے امیدوار ہوں گے۔ ایم کیو ایم کی پارلیمانی کمیٹی کی تجاویز کی روشنی میں ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ ان کی جماعت قومی اسمبلی اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن بینچوں پر بیٹھے گی۔ رابطہ کمیٹی کے مطابق سندھ میں وزیراعلیٰ کیلئے ہونے والے انتخابات میں متحدہ قومی موومنٹ حصہ لے گی جس کیلئے سید سردار احمد کو امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔ ایم کیو ایم نے سندھ اسمبلی میں فیصل سبزواری کو پارلیمانی لیڈر جبکہ خواجہ اظہار الحسن کو ڈپٹی پارلیمانی لیڈر مقرر کیا ہے ۔ قومی اسمبلی میں ڈاکٹر فاروق ستار متحدہ کے پارلیمانی لیڈر اور رشید گوڈیل ڈپٹی پارلیمانی لیڈ رہوں گے۔