شہ سرخیاں
بنیادی صفحہ / تازہ ترین / بھائی پھیرو:خدمت کارڈ کی تقسیم میں بوگس پالیسیوں کی وجہ سے معذورمستحقین کی حق تلفی ہونے کے خدشہ

بھائی پھیرو:خدمت کارڈ کی تقسیم میں بوگس پالیسیوں کی وجہ سے معذورمستحقین کی حق تلفی ہونے کے خدشہ

بھائی پھیرو(نامہ نگار)بھائی پھیرو۔ خدمت کارڈ کی تقسیم میں بوگس پالیسیوں کی وجہ سے معذورمستحقین کی حق تلفی ہونے کے خدشات پیدا ہو گئے ،کئی سال پرانی بوگس لسٹوں پر کارڈ کی تقسیم جاری،کارڈ کے حصول کے لئے پتوکی جانے والے مستحق معذور کارڈ حاصل کرنے کی بجائے صرف نئی لسٹوں میں نام درج کروا کر مایوسی کے عالم میں گھروں کو لوٹ آئے ،مستحق معذوروں اورعوامی سماجی حلقوں کا شدید احتجاج ،وزیر اعلیٰ پنجاب سے نئی لسٹوں کے مطابق مستحق معذوروں میں کارڈ تقسیم کرنے کے احکامات جاری کرنے کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق۔چند روز قبل حکومت کی طرف سے معذوروں کی امداد کے سلسلہ میں خدمت کارڈ کے اجراء کے سلسلہ میں اعلان ہوا اور پتوکی سرکاری ہسپتال میں مستحق معذوروں کو بلوایا گیا کہ وہ سرکاری ہسپتال پتوکی پہنچ جائیں اور اپنا میڈیکل چیک اپ کروائیں جہاں مستحق معذوروں کو میڈیکل چیک اپ کے بعد فی الفور خدمت کارڈ جاری کر دئیے جائیں گے بھائی پھیروسے جب کئی معذور افراد مشکل سے وہاں پہنچے تو معلوم ہوا کہ خدمت کارڈ صرف ان افراد کو جاری ہو رہے ہیں جن کی لسٹیں ہمارے پاس پہنچی ہیں چاہے وہ بوگس ہی کیوں نہ ہوں ہم تو انہی کو کارڈ جاری کر رہے ہیں نئے آنے والے معذور اپنا نام ،شناختی کارڈ نمبر اور موبائل نمبرنئے سرے سے درج کروائیں بعد میں ان کی لسٹیں آئیں گی تو اُس وقت ان کو خدمت کارڈ جاری کئے جائیں گے بھائی پھیروسے جانے والے کئی معذور مایوسی کے عالم میں جب گھروں کو واپس لوٹ آئے تو معذور افراد محمد اسلم ،اور دیگرنے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان خدشات کا اظہار کیا کہ کہیں یہ سکیم صرف منظورِ نظر افراد تک ہی محدود نہ ہو کر رہ جائے کیونکہ جس لسٹ پر کارڈ جاری کئے جارہے ہیں وہ تو کئی سال پرانی اور بے نظیر حکومت کے دور کی ہیں جس میں معذور اور مستحق کم ہی نظر آرہے ہیں ۔الخدمت فاؤنڈیشن کے رہنما ملک محمد اکرم بوٹا،ملک خلیل ،ریاست علی اور عوامی سماجی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ خدمت کارڈ کا اجراء نئی لسٹوں کے مطابق حقیقی مستحقین میں شفافیت سے کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں تاکہ غریب مستحقین حکومت پنجاب کے جاری کردہ خدمت کارڈ سے مستفید ہو سکیں اور پرانی لسٹوں کو فی الفور ختم کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں۔ان رہنماؤں نے کہا کہ معذور افراد کی فہرستیں نمایاں چور پر مشتہر کی جائیں تاکہ عوام کو پتہ چل سکے کہ کون کون سے افراد کو یہ کارڈ دیے گئے ہیں ۔

یہ بھی پڑھیں  نیپرا نے ایک ماہ کیلئے بجلی دو روپے اسی پیسے فی یونٹ سستی کردی