کراچی(نمائندہ شوبز) فلم اور ٹی وی کے معروف اداکار ننھا کو ہم سے بچھڑے اٹھائیس سال ہوگئے مگر مشہور سيريل الف نون ميں ان کی اداکاری کو آج بھی لوگ ياد کرتے ہيں۔ کھلکھلاتی ہنسی اور چہرے کا بھولپن اداکار ننھا کا خاصہ تھا۔ ننھا کا اصل نام رفيع خاورتھا۔ فلم نگر ميں آنے سے پہلے وہ بینک ميں ملازم تھے۔ انہوں نے فنی سفر کا آغاز پی ٹی وی سینٹر لاہور سے کمال احمد رضوی کی سیریل الف نون سے کيا۔ يہ سيريل اس قدر مقبول ہوئی کہ دونوں فن کاروں کو راتوں رات شہرت کی بلنديوں پر پہنچا ديا۔ ننھا کی پہلی فلم وطن کا سپاہی تھی۔ انہوں نے تين سو سے زائد فلموں ميں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ننھا نے محبت ايک کہانی، دو راستے، ماں بيٹا، زندگی، پلے بوائے، خون پانی، نوکر اور بھروسہ ميں یادگار کردار نبھائے۔ انہیں کئی ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔ لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ اور مسرتیں بکھيرنے والے اس اداکار نے دو جون انيس سو چھياسی کو کراچی ميں خودکشی کی اور اپنے لاکھوں مداحوں کو سوگوار کرديا۔
You must be logged in to post a comment.