
سبی (ارشاد خلجی) تاریخی سبی میلہ مویشیا ں و اسپاں 2016 فروری کے آخری ہفتے میں منعقد کیا جائے گا۔ سبی میلہ سماجی، سیاحتی ، ثقافتی ، تجارتی اور تاریخی اہمیت کا حامل اور قومی اتحاد و یکجہتی کی علامت ہے، قومی میلے کو شایان شان طریقے سے منانے کے لیے بہترین انتظامات کیے جائیں گے، سربراہان مملکت سمیت ، تمام وزراء اعلیٰ، وفاقی اور صوبائی وزراء سمیت تمام سیکریٹریز اور اہم شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔ ڈپٹی کمشنر و چیئر مین سبی میلہ کمیٹی نورا لحق کاکڑ
تفصیلات کے مطابق سبی میلہ 2016 کو شایان شان طریقے سے منانے کے لیے انتظاما ت کو حتمی شکل دینے کے لیے چیئرمین سبی میلہ کمیٹی و ڈپٹی کمشنر سبی نورالحق کاکڑ کی صدار ت میں ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس کے میٹنگ ہال میں منعقد ہوا، جس میں سبی سکاؤٹ کے کرنل وقاص احمد ، چیئر مین میونسپل کمیٹی مولانا داؤد رند ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سبی محمد انور کھیتران ، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر دیدار علی جمالی، پرنسپل ٹی ٹی سی عبدالغفور مری،پاکستان میڈیا کونسل کے صوبائی صدر ملک اکرم بنگلزئی، ڈپٹی ڈائریکٹر ایگریکلچر یونس بنگلزئی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر منظور بلوچ، ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹر سرور ہاشمی، ایکسین پبلک ہیلتھ حمید مری سمیت تمام ضلعی محکموں کے سربراہان و نمائندگان اور صحافیوں نے شرکت کی ، اجلاس میں سبی میلے کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے تجاویز زیر بحث آئیں ، سبی میلہ قدیم تاریخی اہمیت کا حامل اور قومی اتحاد و یکجہتی کی علامت ہے ،جس میں چاروں صوبوں سے افسران سمیت دیگر افراد بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہیں، سبی میلہ تجارتی لحاظ سے بھی اہمیت کا حامل ہے اور دوران میلہ جانوروں کی ایک بہت بڑی منڈی لگائی جاتی ہے جس میں پورے ملک سے مالدار اپنے جانور لاتے ہیں، اس کے علاوہ میلے میں کئی قسم کے اسٹال لگائے جاتے ہیں جس میں پورے ملک لوگ تجارت کی غرض سے آتے ہیں، اس کے علاوہ سبی میلہ تفریح کے بھی بہترین مواقع مہیا کرتا ہے اور نوجونواں ، خواتین و بچوں سمیت ہر عمر کے افراد کو تفریح کے مواقع میسر آتے ہیں، جھولے، موت کا کنواں سرکس اور دیگر کھیل کو د عوام کی توجہ حاصل کرتے ہیں ، اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے ہدایت جاری کی کہ تمام محکموں کے ضلعی افسران متعلقہ محکموں کے سیکریٹریز و دیگر افسران کے رہائش و طعام کا انتظام خود سنبھالیں گے اس کے علاوہ محکموں کے ذمہ دئیے گئے کام جلد از جلد مکمل کریں ، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر و چیئر مین میلہ کمیٹی نورالحق کاکڑ نے کہا کہ سبی میلہ قومی اہمیت کا حامل ہے جو ملکی اور غیر ملکی شہرت کاحامل ہے اور قدیم تاریخ رکھتا ہے، میلے میں ہر عمر اور طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی دلچسپی کو ملحوظ خاطر رکھا جائے گا، سبی میلہ ہماری زراعت کے فروغ اور مویشیوں کی افزائش اور کاروبار میں ایک صنعت کا درجہ رکھتا ہے، اس کے علاوہ سبی میلہ اتحادو یکجہتی اور قومی وحدت کی علامت بھی ہے اور زندہ د ل قومیں اپنے تہوار شایان شان طریقے سے مناتی ہیں، میلے میں سربراہان مملکت ،چاروں وزراء اعلیٰ سمیت اہم سیاسی و قبائلی شخصیات کی آمد متوقع ہے جس کی تیاریوں کو حتمی شکل دی جارہی ہے اورسبی میلہ اپنی روایتی شان و شوکت کے ساتھ منعقد کیا جائے گا،۔