
ڈھاکا (نمائندہ سپورٹس) پاکستان سپر لیگ کے جلوے تو ختم ہوئے لیکن کرکٹ کا ہنگامہ جاری وساری ہے۔ آج سے چودہویں ایشیا کپ کا ڈھاکا میں آغاز ہو رہا ہے۔ پہلے میچ میں میزبان بنگلہ دیش اور بھارت پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھے بجے مدمقابل ہوں گے۔ ایشیا کپ میں پانچ ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جن میں پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور سری لنکا کے علاوہ، متحدہ عرب امارات کی ٹیم بھی شامل ہے۔آج شروع ہونے والا ایونٹ بارہ دن جاری رہے گا۔ تمام ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف ایک ایک میچ کھیلیں گی۔ پاکستان کا پہلا میچ بھارت کے خلاف ستائیس فروری کو ہو گا۔تمام میچز شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میرپور میں کھیلے جائیں گے۔ سری لنکا ایونٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا۔ ایشیا کپ پہلی بار ٹی ٹوینٹی فارمیٹ میں کھیلا جا رہا ہے۔