لاہور(ڈیسک رپورٹر) وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیرِ صدارت اہم اجلاس میں وزارتِ پانی و بجلی کے اعلیٰ حکام، چیئرمین واپڈا اورایم ڈی پیپکو سمیت ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسران کو ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا اور کہا گیا کہ تیل پر چلنے والے تمام پلانٹس کو مرحلہ وار کوئلے پر منتقل کیا جائے گا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد پہلی بار لاہور پہنچے تو انہوں نے اسٹیٹ گیسٹ ہاوٴس میں انرجی بحران پر قابو پانے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔ توانائی ماہرین نے وزیراعظم کو بریفنگ دی،انہوں نے کہاکہ مقامی کوئلے کی بجائے درآمدی کوئلہ زیادہ سود مند ہوگا، تھرمل کی بجائے کوئلے سے جلد اور سستی بجلی مہیا کی جا سکتی ہے، بجلی پر ایک ارب روپے روزانہ کی سبسڈی دی جا رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ عوام کو ہر حال میں لوڈشیڈنگ سے ریلیف دینا ہے، صنعتوں کو بھی بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بند پاورپلانٹ چلانے کیلئے تیل مہیا کیا جائے اور بیروزگاری کے خاتمے کیلئے گیس اور بجلی کی چاروں صوبوں میں یکساں تقسیم کے فارمولے پر عمل کیا جائے۔
You must be logged in to post a comment.