تازہ ترینکھیل

اوول ٹیسٹ میں پاکستان کی پہلی اننگز، 282 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ

لندن(نمائندہ سپورٹس)پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تاریخی کرکٹ گراؤنڈ لارڈز میں جاری پہلے ٹیسٹ کے پہلے دن کے اختتام پر پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بنالیے ہیں جب کہ کپتان مصباح الحق 110 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔  قومی ٹیم 6 سال بعد انگلینڈ کی سرزمین پر میزبان ٹیم سے مدمقابل ہے جب کہ پہلے ٹیسٹ میں کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپننگ بلے باز محمد حفیظ اور شان مسعود نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی وکٹ پر38 رنز کی شراکت قائم کی تو شان مسعود 7 رنزبنا کر کرس ووکس کا شکار ہوگئے۔ دوسری وکٹ پر محمد حفیظ اور اظہر علی 13 رنز ہی جوڑ پائے تھے کہ حفیظ 40 رنز بنا کر کرس ووکس کی گیند پر وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔ کھانے کے وقفے تک قومی ٹیم نے 76 رنز بنالئے تھے لیکن وقفے کے بعد اظہرعلی بھی ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے اور وہ 7 رنز ہی بنا سکے۔ان کے بعد آؤٹ ہونے والے کھلاڑی یونس خان تھے جو 33 رنز بنا کر 134 کے مجموعی اسکور پر براڈ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔کپتان مصباح الحق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مڈل آرڈر بلے باز اسد شفیق کے ہمراہ پانچویں وکٹ کے لیے 148 رنز کی شراکت داری قائم کی اس دوران مصباح الحق نے اپنی 10ویں سنچری اور اسد شفیق نے نصف سنچری اسکور کی، اسد شفیق 73 رنز بنا کر ووکس کی گیند پر پویلین لوٹ گئے ان کی اننگز میں 12 چوکے شامل تھے جب کہ کپتان کا ساتھ دینے کے لیے نائٹ واچ مین راحت علی کو بھیجا گیا جو بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے، پہلے دن کے اختتام پر مصباح الحق 110 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ انگلیںڈ کی جانب سے کرس ووکس نے 4، جیک بال اور اسٹارٹ براڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ادھر پاکستانی کپتان نے سنچری اسکور کرنے کے بعد گراؤنڈ میں 10 پش اپ لگا کر یہ ظاہر کیا کہ وہ سنچری کے بعد بھی نہیں تھکے اور ان کا مزید رنز بنانے کا ارادہ ہے

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button