پاکستانتازہ ترین

فوجی بغاوت پر پاکستان کا ترک حکومت کی حمایت کا اعلان

لاہور (پاک نیوز ٹی وی) ترکی میں ہونے والی فوجی بغاوت پر پاکستان نے ترک حکومت کی حمایت کا اعلان کیا ۔ ترجمان حکومت پاکستان کا کہنا تھا ترکی میں جمہوریت کو روندنے کی سازش کی مذمت کرتے ہیں۔ پاکستان نے ترکی میں فوجی بغاوت کی مخالفت اور جمہوری حکومت کی بھرپور حمایت کی ہے ۔ حکومت پاکستان کے ترجمان نے اپنے رد عمل میں کہا کہ ترکی میں جمہوری حکومت کی مکمل حمایت کرتے ہیں، امید ہے ترکی میں حالات جلد معمول پر آجائیں گے ۔ پاکستان ترک حکومت اور عوام کے ساتھ ہے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے ترک وزیر خارجہ کو ٹیلی فون بھی کیا ۔ وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے ترکی میں جمہوریت کی فتح کیلئے دعاگو ہیں ۔ خواہش ہے کہ ترکی میں استحکام برقرار رہے ۔ خواجہ آصف نے کہا جمہوریت میں دہشتگردی کا خاتمہ ہو سکتا ہے ، مارشل لاء میں نہیں ۔ ان کا کہنا تھا پاکستان کو ترکی میں ہونے والی بغاوت سے سبق حاصل کرنا چاہیے ۔دوسری طرف ترکی میں فوجی بغاوت کی عالمی سطح پر بھی مذمت کی جا رہی ہے ، امریکی صدر کا کہنا ہےکہ ترک عوام جمہوری طور پر منتخب ہونے والی حکومت کا ساتھ دیں۔وائٹ ہاؤس سے جاری بیان میں ترک سیاسی جماعتوں سے کہا گیا ہے کہ وہ فوجی بغاوت کی مزاحمت کرتے ہوئے خونریزی سے بچیں ۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا کہ امریکا ترکی میں جمہوریت کا حامی ہے ۔روس کا کہنا ہے کہ ترکی کو مساحل کا حل آئین کے مطابق کرنا چاہئے ۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے ترکی میں امن برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے ۔جرمن چانسلر انجلا مرکل کے مطابق ترکی میں جمہوری عمل کی تکریم کی جانی چاہئے ۔ برطانیہ کے وزیرِ خارجہ بورس جانسن نے ترکی میں ہونے والی اس پیش رفت پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ادھر یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موغرینی نے ترکی میں رجب طیب اردوان کی حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش کی مذمت کی ہے ۔خلیجی ممالک میں ترکی کے اہم اتحادی ملک قطر کی جانب سے جمہوری حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش کی مذمت کی گئی ہے ۔ ایران کی جانب سے بھی ترکی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button