گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی) ڈی سی او گوجرانوالہ نجم احمد شاہ نے کہا ہے کہ پرائیویٹ تعلیمی ادارے معیاری تعلیم کے فروغ میں فعال کردار ادا کررہے ہیں ‘ حکومت نجی شعبے کو شرح خواندگی بڑھانے میں ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر کے کمیٹی روم میں نیشنل ایسوسی ایشن آف سکولز کے نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈی او سی وسیم عباس بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وفد کی قیادت صدر ایسوسی ایشن سجاد مسعود چشتی نے کی جبکہ محمد طاہر‘ طارق محمود مغل کے علاوہ ضلع کی مختلف تحصیلوں سے تعلیمی اداروں کے سربراہوں نے تقریب میں شرکت کی۔ڈی سی او نے کہا کہ درس و تدریس بہت موقر شعبہ ہے اور استاد بہت بڑا لیڈر ہوتاہے جو کہ نونہالان گلشن کی آبیاری میں نہایت اہم کردارادا کرتاہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کوچاہئیے کہ وہ بچوں میں تعلیم حاصل کرنے کا جذبہ اور احساس محنت پیدا کریں کیونکہ محنت میں عظمت ہے اور تاریخ شاہد کہ جن اقوام نے بھی ترقی وکامرانی کی منازل طے کیں انہوں نے فروغ تعلیم اور محنت کو اپنا شعار بنایا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے ہر بچے کا زیور تعلیم سے آراستہ ہونا نہایت ضروری ہے۔ پرائیویٹ تعلیمی ادارے تعلیم کے شعبہ میں حکومت کاکافی حد تک بوجھ برداشت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ تعلیمی ادارے مفت تعلیم کے فروغ میں ایسے بچوں کیلئے کوٹہ مختص کریں جن کے والدین تعلیمی اخراجات برداشت نہیں کرسکتے۔ ڈی سی او نے کہا کہ بچے مستقبل کے معمار ہوتے ہیں تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ان کی شخصیت کو ابھارنے کے لئے ایسے پروگرامز منعقد کروانے چاہئیں جن سے طالبعلموں کی فنی صلاحیتوں میں نکھا رپیدا کیا جاسکے۔صدر نیشنل ایسوسی ایشن سجاد مسعود چشتی نے کہا کہ پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن کا عمل سہل بنایا جائے اور جناح اسٹیڈیم میں دس سال سے کم عمر بچوں کے لئے گالا کااہتمام کررہے ہیں اس کیلئے ضلعی انتظامیہ کی سرپرستی درکار ہے جس پر ڈی سی او نے ہدایات جاری کردیں
You must be logged in to post a comment.