
اسلام آباد(بیوروچیف)وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے پی ٹی آئی کو مشورہ دیا ہے کہ پاناما کا فیصلہ عدالت کو کرنے دیں ،تحریک استحقاق سے عدالتی کارروائی پر اثر انداز ہونے کی کوشش نہ کریں جبکہ پی ٹی ٓئی اراکین کو یہ بھی کہا آپ چھوڑیں نہ چھوڑیں ہم پاناما معاملہ ہرگزنہیں چھوڑیں گے،انھوں نے پی ٹی آئی ارکان کو غنڈے کہنے پر بھی معذرت کرلی۔ قومی اسمبلی اجلاس میں نقطہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے کوئی جھوٹ نہیں بولا، ایوان میں کہی گئی بات سیاسی بیان ہے اس کا مطلب جھوٹ نہیں ،سیاست سچ ہی ہوتی ہے،نواز شریف کے خلاف غلط زبان استعمال ہوئی تو ہم نے بھی احتجاج کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ نہیں ہوسکتا کہ آپ ہمیں جعل ساز کہیں اور ہم گونگے بن جائیں، اس ایوان کے ماحول کو پراگندہ کرنے سے گریز کیا جائے،ہمارا آپس میں اختلاف ہے دشمنی نہیں، یہ پیغام نہیں جانا چاہیئے کہ سیاستدان آپس میں ملکر بیٹھ سکتے ہیں نہ مسائل کا حل نکال سکتے ہیں۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پارلیمنٹ سپریم کورٹ نہیں اور سپریم کورٹ پارلیمنٹ نہیں ،آپ ثبوت کے نام پر ردی اٹھا لاتے ہیں ،بہتر ہوگا پاناما لیکس کا فیصلہ عدالت کو کرنے دیں ،تحریکیں لاکر اس پر اثر انداز ہونے کی کوشش نہ کریں۔خواجہ سعد رفیق نے غنڈہ گردی کا لفظ استعمال کرنے پر پی ٹی آئی ارکان سے معذرت کرلی۔