
لاہور(امتیازعلی شاکر) مرکزی امیرتحریک لبیک پاکستان ،علامہ خادم حسین رضوی،سرپرست سید عرفان احمد شاہ نے مختلف وفودسے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ الحمد للہ تحریک لبیک پاکستان کو مستقل انتخابی نشان کرین الاٹ ہوگیاہے۔کارکنان عوام الناس کو اپنے انتخابی نشان کے متعلق آگاہ کریں تاکہ آئندہ الیکشن تک پورے پاکستان کے عوام تحریک لبیک پاکستان کے انتخابی نشان سے آگاہ ہوجائیں۔انہوں نے کہاکہ شہداء کربلانے ہمیں حق پرڈٹ جانے کادرس دیا۔اللہ ،رسول اللہ ﷺ کاکلمہ پڑھنے والے حق پرڈٹ جاتے ہیں گبھرایانہیں کرتے ۔ مسلمان فرقوں میں تقسیم ہونے کی بجائے رسول اللہ ﷺکی زندگی مبارکہ آپ ﷺ کے اہل بیت اوراصحابہ اکرام کے بتائے ہوئے راستے پر چل کر شہداء کربلا کی بے مثال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کریں اورآپ ﷺ کی تعلیمات پرعمل پیراہوکرحقیقی وارث ہونے کاثبوت دیں۔ ہم دعاگوہیں کہ اللہ تعالیٰ اہل ایمان کو محرم الحرام کے عظیم حرمت والے ماہ مقدس میں امن سے رہنے کی توفیق عطا فرمائے اور جو پیغام کربلاکے شہداء دے گئے اس پر عمل کی توفیق عطا فرمائے۔ ہمارے پیارے وطن عزیز پاکستان کو اپنی حفاظت میں رکھے اور اس کے دشمنوں ،دہشتگردوں کو نیست ونابود فرمائے اور تما م عالم اسلام کے مسلمانوں کو متفق ومتحد ہو کر اسلام دشمن عناصر کے ساتھ مقابلہ کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔