پاکستانتازہ ترین

حضرت امام حسینؓ نے ظلم وجبر کی اطاعت کرنے کی بجائے شہادت کا راستہ اختیار کیا، وزیراعظم پاکستان

اسلام آباد(بیوروچیف):وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ یوم عاشور ہر سال اسلامی تاریخ کے اس لازوال واقعے کی یاد دلاتا ہے جب نواسہ رسول نے حق اور باطل کی لڑائی میں اپنے اور اپنے رفقاءکی جانوں کا نذرانہ دے کر حق کو حقیقی فتح سے سرفراز کیا۔ کربلا کے میدان میں شہیدوں کے لہو نے یہ ثابت کر دیا کہ حق لازوال جبکہ باطل مٹنے کے لئے ہے۔یومِ عاشورہ 1439 ہجری کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ امام عالی مقام حضرت امام حسینؓ نے ظلم وجبر کی اطاعت کرنے کی بجائے شہادت کا راستہ اختیار کیا اور حق و صداقت کا علم سربلند کر دیا۔ آپؓ نے صبر و استقامت ، جرات اور بہادری کے ساتھ حقِ حریت کی حفاظت کا پیغام دیا جو آج بھی پوری انسانیت کے لیے مشعل راہ ہے۔حضرت امام حسینؓ کو نہ تو ملک گیری کی ہوس تھی اور نہ ہی وہ ذاتی اقتدار کے خواہاں تھے بلکہ ان کا مشن دین اسلام کی حفاظت و سربلندی اور ظلم و جبرکے خلاف حق کا علم بلند کرناتھا۔ یزیدیت کے مقابلے میںآپؓ کی عظیم قربانی نے جہاں دینِ اسلام کو تا قیامت سرخرو کیا وہاں اسلام کے پیروکاروں کے لئے ایک لازوال اور ابدی مثال قائم کی کہ حق اور انصاف کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کیا جائے۔یومِ عاشور جہاں امام عالی مقام اور انکے عظیم رفقاءکو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کرنے کا دن ہے وہاں یہ دن ہمیں اس بات کا بھی احساس دلاتا ہے کہ ہم واقعہ کربلا کی اصل روح اور پیغام کو دلی طور پر سمجھیں اور امام حسینؓ کی جانب سے ایثارو قربانی کی لازوال مثال پر حقیقی معنوں میں عمل پیرا ہونے کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کریں۔ یزیدیت درحقیقت ایک سوچ کا نام ہے جس کا مقصد ظلم و جبر کا نظام قائم کرنا ہے اوراپنے مذموم مقاصد کے لئے مظلوموں کے خون کی ہولی کھیلنا ہے۔ آج کے دِن ہمیں اس بات کا تجزیہ کرنا چاہیے کہ وہ کون سے عناصر ہیں جو اپنے خود غرضانہ مفادات کے لئے ہمارے معاشرے کے وجود اور اتحاد و اتفاق کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔موجودہ دور میں وطنِ عزیز اور قوم کو درپیش اندرونی و بیرونی خطرات کے پیش نظر ہمیں فروعی،مسلکی،لسانی و دیگر اختلافات کو بھلا کر اپنے اندر ایثار و قربانی، مساوات،رواداری،اتحاد اور نظم و ضبط جیسے اعلیٰ اوصاف کو فروغ دینا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button