شہ سرخیاں
بنیادی صفحہ / پاکستان / نیب ریفرنسز؛ مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر ضمانت پر رہا

نیب ریفرنسز؛ مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر ضمانت پر رہا

اسلام آباد(بیوروچیف)احتساب عدالت نے نیب ریفرنسز میں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو 50،50 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہا کردیا ہے۔جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نواز شریف اور ان کے بچوں کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کی۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز احتساب عدالت میں پیش ہوئیں جب کہ کیپٹن (ر) صفدر کو نیب کی ٹیم نے پیش کیا۔ اس موقع پر سیکیورٹی خدشات کے پیش نظراحاطہ عدالت میں ایف سی کے ایک ہزاراہلکار تعینات کیے گئے تھے، رینجرز کی گاڑی جوڈیشل کمپلیکس کے باہر موجود ہے تاہم اسے اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی، احاطہ عدالت میں  لیگی رہنماؤں سمیت تمام افراد کا داخلہ بند تھا تاہم وفاقی وزرا کو اندر جانے کی اجازت تھی۔سماعت کے آغاز پر مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کو نیب ریفرنس کی نقول فراہم کردی گئیں۔ کیپٹن صفدر کے وکیل نے عدالت سے ضمانت کی درخواست کی، نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے کیپٹن صفدر کی درخواست ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے عدالت سے استدعا کی گئی کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا جائے۔ عدالت نے نیب کی درخواست مسترد کرتے ہوئے 50 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض کیپٹن (ر) صفدر کی ضمانت منظور کرلی۔عدالت نے کیپٹن صفدر کو آئندہ عدالت کی اجازت کے بغیر بیرون ملک نہ جانے کا حکم دیتے ہوئے ضامن کو مخاطب کیا کہ اگر اب کیپٹن (ر) صفدر  فرار ہوئے تو آپ کو 50 لاکھ روپے جمع کرانا پڑیں گے جس پر ضامن نے کہا کہ انہوں نے 60 لاکھ روپے کی جائیداد کےمچلکے جمع کرائے ہیں۔ عدالت نے مریم نواز کو بھی 50 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔ وزیر مملکت طارق فضل چوہدری نے مریم نواز کے ضمانتی مچلکے جمع کروائے۔سماعت کے موقع پر احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے استفسار کیا کہ 2 ملزمان (حسین اور حسن نواز ) غائب ہیں جب کہ نوازشریف بھی نہیں آئے جس پر نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے اپنے موکل کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست اور کلثوم نواز کی میڈیکل رپورٹ جمع کراتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ بدقسمتی سے نواز شریف حاضر نہ ہو سکے کیونکہ ان کی اہلیہ علیل ہیں، اس لئے انہیں 15 روز کی مہلت دی جائے۔نیب پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی کہ نواز شریف عدالت کو بتائے بغیر لندن گئے۔ اس لئے  سی پی آر سی سیکشن 92کے تحت ان کے  نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں۔واضح رہے کہ گزشتہ رات مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن صفدر لندن سے براستہ دوحہ اسلام آباد ائیر پورٹ پہنچے تھے جہاں ائیرپورٹ کے راول لاؤنج سے باہر نکلتے ہی عدالتی حکم کے مطابق کیپٹن صفدر کو حراست میں لے لیا گیا تھا اور اسلام آباد کے علاقے میلوڈی میں واقع نیب کے سیل منتقل کردیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں  چیمپئنز ٹرافی ہاکی،پاکستان تیسرا میچ بھی ہار گیا