تازہ ترینکھیل

پاکستان نے تیسرا ون ڈے میچ جیت کر سیریز بھی اپنے نام کر لی

ابوظہبی (جیوڈیسک) ابوظہبی کے شیخ زاید سٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میچ میں پاکستانی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کو شکست دیدی ہے۔ سری لنکا نے پاکستان کو جیت کیلئے 209 رنز کا ہدف دیا تھا جو اس نے باآسانی حاصل کر لیا۔ہدف کے تعاقب میں فخر زمان اور امام الحق میدان میں اترے۔ پاکستان کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی فخر زمان تھے، جنھوں نے اس میچ میں بھی اپنی کارکردگی سے شائقین کرکٹ کو شدید مایوس کیا اور صرف 29 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔دوسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز بابر اعظم تھے جو 30 رنز بنا سکے۔ میچ کے اصل مردِ میدان امام الحق تھے، جنہوں نے اپنی سلیکشن کے فیصلے کو درست ثابت کرتے ہوئے پاکستان کو فتح سے ہمکنار کروایا۔ پاکستانی ٹیم میں احمد شہزاد کی جگہ امام الحق کو کھلایا گیا تھا۔ یہ امام الحق کے کیریئر کا پہلا ایک روزہ میچ تھا۔ پاکستان نے بیالیس اعشاریہ تین اوورز میں صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کرکے میچ جیتا۔امام الحق نے سری لنکن باؤلرز کا جوانمردی سے مقابلہ کیا۔ ان کی بیٹنگ کو دیکھ کر یہ خیال ہی نہیں آیا کہ وہ اپنا پہلا میچ کھیل رہے ہیں۔ امام الحق نے 124 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 5 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 100 رنز بنائے، لیکن اگلی ہی گیند پر وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔ امام الحق کی شاندار پرفارمنس پر سابق کھلاڑیوں نے بھی انھیں داد دی۔ سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے اپنی ٹویٹ میں امام الحق کو کرکٹ کی دنیا میں خوش آمدید کہا۔اس سے قبل سری لنکا کے کپتان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور نیروشان ڈکویلا اور کو اُپل تھرنگا کو میدان میں اتارا۔ دونوں کھلاڑیوں نے انتہائی سست روی سے اپنی اننگز کھیلی اور ٹیم کے سکور کو آگے بڑھایا۔ آئی لینڈرز کے آؤٹ ہونے والے پہلے بیٹسمن ڈکویلا تھے جو حسن علی کا شکار بنے۔ ڈکویلا نے صرف 18 رنز بنائے۔ آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی دھنیش چندیمل تھے، جنھیں شاداب خان نے 19 کے سکور پر آٰؤٹ کیا۔ آؤٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی اُپل تھرنگا بنے جن کی وکٹ بھی نوجوان شاداب خان کے حصے میں آئی۔ تھرنگا نے اس میچ میں بھی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 61 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی چمارا تھے جو صرف 18 رنز بنا سکے۔ ان کی وکٹ بھی حسن علی نے حاصل کی اور اپنی ہی گیند پر انہیں کیچ آؤٹ کیا۔ سری لنکا کو پانچواں نقصان ملندا سری وردانا کی صورت میں اٹھانا پڑا جو صرف 2 رنز ہی بنا سکے۔ اس کے فوری بعد ہی چھٹی وکٹ بھی گر گئی جب جیفری ویندرسے بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ساتویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھریمانے تھے جو حفیظ کا شکار بنے۔ سری لنکا کی آٹھویں وکٹ 163 رنز پر گری جب دانان جایا بھی صرف ایک کے انفرادی سکور پر پویلین لوٹ گئے۔ سری لنکا نے اڑھتالیس اعشاریہ دو اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 208 رنز بنائے تھے۔پاکستان نے 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز میں سری لنکا کو تین، صفر سے شکست دے کر سیریز بھی اپنے نام کر لی ہے۔

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker