شہ سرخیاں
بنیادی صفحہ / پاکستان / کاغذات نامزدگی سے متعلق ٹریبونلز آج سے اپیلیں سنیں گے

کاغذات نامزدگی سے متعلق ٹریبونلز آج سے اپیلیں سنیں گے

اسلام آباد(بیوروچیف) کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلوں پر سماعت کے لیے ٹریبونل تشکیل دے دیئے گئے ہیں، جو آج سے اپیلیں سنیں گے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق ہائیکورٹ کے ججز پر مشتمل 20 ٹریبونل تشکیل دیئے گئے ہیں جہاں آج سے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیل دائر کی جا سکے گی۔ خیبرپختونخوا میں چھ جبکہ پنجاب میں آٹھ ٹریبونل تشکیل دیئے گئے ہیں، اسی طرح سندھ میں چار اور بلوچستان میں دو ٹریبونل تشکیل دیے گئے ہیں، ان ٹریبونلز میں 22 جون تک اپیلیں دائر کی جا سکیں گی اور 27 جون تک ان اپیلوں پر فیصلہ کر دیا جائے گا، 28 جون کوامیدواروں کی نظر ثانی شدہ فہرست جاری کی جائے گی۔ گذشتہ روز کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا آخری دن تھا جس میں ملک بھر کے مختلف حلقوں سے امیدواروں کے کاغذات منظور اور مسترد کیے گئے، الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق 2018 کے عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے امیدواروں کی تعداد 2013 کے مقابلے میں 7 ہزار کم رہی۔ دوسری جانب عام انتخابات 2018ء کیلئے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے آخری روز چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے لاہور کے حلقہ این اے 131 سے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے ہیں۔ جبکہ سابق صدر آصف زرداری کے نوابشاہ کے حلقہ این اے 213  اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے کراچی کے حلقہ این اے 146 سے کاغذات منظور ہوگئے ہیں۔ اس کے علاوہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کے لاہور کے حلقہ این اے 132، کراچی کے حلقوں این 249 اور 250 سے کاغذات منظور کرلیے گئے ہیں۔ جبکہ ایم کیوایم کے رہنما فاروق ستار کے کراچی کے حلقہ این اے 245 سے کاغذات مسترد کردیئے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں  منشیات ۔،عالمی سطح پر بد ترین دہشت گردی