شہ سرخیاں
بنیادی صفحہ / تازہ ترین / آوارہ ، باؤلے اور خونخوارکتوں کی سرائے مغل اور گردونواح میں یلغار

آوارہ ، باؤلے اور خونخوارکتوں کی سرائے مغل اور گردونواح میں یلغار

بھائی پھیرو(نامہ نگار) سرائے مغل۔آوارہ ، باؤلے اور خونخوارکتوں کی سرائے مغل اور گردونواح میں یلغار ،باؤلے کتے کے کاٹنے سے ایک بچہ ہلاک ،کئی زخمی ،کئی جانور بھی کتوں سے زخمی اور ہلاک ۔ہسپتالوں میں باؤلے کتے کی ویکسین بھی نایاب عوام نے چلنا پھرنا محدود کردیا۔لوگوں میں خوف و ہراس ۔کتوں کے غول کے غول مگر انتظامیہ خاموش ۔عوامی سماجی حلقوں کا آوارہ اور باؤلے کتے مارنے کا مطالبہ۔ کتے مار مہم کیلیے وقف رقوم خرد برد ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز نواحی گاؤں روڈے میں آوارہ کتوں نے محمد رفیق کے دس سالہ بیٹے محمد عمر کو پر حملہ کر دیاجس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔چند گھنٹے بعد وہ باؤلا ہو گیا اور گزشتہ روز وفات پاگیا۔گزشتہ دنوں ہی ایک کاشتکار شیر محمدکے ڈیرے پر پانچ آوارہ کتوں نے حملہ کر دیا اور پر باندھی ہوئی چار بکریوں اور ایک گدھی پر حملہ کر دیا اورپانچوں بے زبان جانوروں کو چیر پھاڑ کر کھا لیا اور وہ تڑپ تڑپ کر مر گئیں۔اسی طرح آوارہ کتوں نے گزشتہ روزنواحی گاؤں کامونگل کے طفیل کے گدھے کو بھی چیر پھاڑ کر مار دیا۔کاشت کار امانت کی گدھی اور مہر دین کی بکری کو بھی آوارہ کتوں نے چیر پھاڑ کر شدید ذخمی کردیا اور انہوں نے ہزاروں روپے علاج پر خرچ کرکے ان کی جان بچائی۔سرائے مغل ،روڈے ،ہلہ کچہ پکااور ارد گردکے دیہاتوں میں آوارہ اور باؤلے کتوں کے غول کے غول چلتے پھرتے نظر آتے ہیں اور ان سے راہگیروں کی زندگیاں محفوظ نہیں۔ہر آنے جانے والوں کو کاٹ کر زخمی کردیتے ہیں اور جب یہ لوگ علاج کرانے نزدیکی سول ہسپتال میں طبی امداد کیلیے جاتے ہیں تو وہاں اکثر کتے کے کاٹے کی ویکسین نایاب ہوتی ہے اور ہسپتال کا عملہ ان مریضوں سے سوتیلی ماں کا سلوک کر تا ہے۔ ارد گرد کے دیہات میں بھی درجنوں لوگ ان آوارہ کتوں کے کا ٹنے سے زخمی ہوچکے ہیں۔لوگوں نے ان خونخوارکتوں کے ڈر سے چلنا پھرنا بند کر دیاہے اور عوام میں زبردست خوف و ہراس پھیل چکا ہے ۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ ماضی میں بلدیاتی اداروں نے آوارہ اور باؤلے کتے مارنے کیلیے باقاعدہ سرکاری ملازم رکھے ہوئے تھے مگر اب کافی عرصہ سے یہ مہم نہیں چلائی گئی۔پتہ چلا ہے کہ کتے مار مہم کے فنڈ کرپٹ ملازمین کی جیبیں بھرنے کے کام آتے ہیں۔مقامی ،سماجی و عوامی حلقوں اور کچہ پکا کے سماجی رہنما چوہدری عبدالناصرنے ڈی سی اوقصور سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر محکمہ صحت اور ٹی ایم اے حکام کی مدد سے آوارہ اورباؤلے کتوں کے خاتمہ کی مہم چلائیں اور ہسپتالوں میں ویکسین فراہم کریں

یہ بھی پڑھیں  بحریہ ٹاؤن واقعہ،ایف آئی آرمیں سنگین غلطی سامنےآگئی