لاہور(نامہ نگار) مسلم لیگ نون کے سربراہ نوازشریف کا کہنا ہے کہ حکومت قیام امن میں سنجیدہ ہے تو کراچی میں سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگز کے خلاف اقدامات کرے ۔ موبائل فون بند کرنے اور ڈبل سواری پر پابندی لگا کر جرائم پیشہ افراد کو نہیں روکا جاسکتا ۔ مسلم لیگ نون کے سربراہ لاہورمیں سینئر صحافیوں سے ملاقات کے لئے پہنچے تو ۔ ملک میں امن وامان کی خراب صورتحال پرخاصے برہم دکھائی دئیے۔ اور وفاقی حکومت کے اقدامات کو ناکافی قرار دیا ۔ نوازشریف کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کی ہدایات کے باوجود حکومت کراچی میں کارروائی نہیں کررہی ۔ محض بیانات جاری کرنے سے حالات ٹھیک نہیں ہوں گے ۔ نوازشریف نے کہا کہ انتخابات سر پر ہیں ۔ لیکن حکومتی نمائندے چین کی بانسری بجا رہے ہیں ۔ پاکستانی عوام ان سے چھٹکارا پانے کے لئے اپنا ووٹ سوچ سمجھ کر استعمال کریں ۔ سینئر صحافیوں سے ملاقات میں نوازشریف نے قاضی حسین احمد کے جلسے پر ہونے والے حملے کی بھی شدید مذمت کی ۔ اور غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم پرحکومت سے مطالبہ کیا کہ فلسطینیوں کے حقوق کے لئے عالمی سطح پر آواز اٹھائی جائے