شہ سرخیاں
بنیادی صفحہ / تازہ ترین / دوسرا ون ڈے: نیوزی لینڈ کا پاکستان کو 210رنز کا ہدف

دوسرا ون ڈے: نیوزی لینڈ کا پاکستان کو 210رنز کا ہدف

ابوظہبی(نمائندہ سپورٹس)روس ٹیلر کی ناقابل شکست 86رنز کی اننگز کی بدولت نیوزی لینڈ نے پاکستان کو دوسرے ون ڈے میچ میں فتح کے لیے 210رنز کا ہدف دیا ہے۔ابوظہبی میں کھیلے جارہے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔پاکستان کے نوجوان فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے ایک مرتبہ بہترین آغاز کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے کولن منرو کو 14 کے اسکور پر آؤٹ کیا۔نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن بدقسمت ثابت ہوئے اور جیارج ورکر کی جانب سے کھیلے گئے شاٹ پر گیند شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھ سے ٹکرانے کے بعد وکٹوں سے جا ٹکرائی اور اس موقع پر دوسرے اینڈ پر ولیمسن کریز سے باہر موجود تھے لہٰذا انہیں پویلین لوٹنا پڑا۔ورکر نے روس ٹیلر کے ہمراہ 46رنز کی شراکت قائم کی لیکن محمد حفیظ نے 28رنز بنانے والے اوپننگ بلے باز کی وکٹیں بکھیر کر پویلین واپسی پر مجبور کردیا۔ابھی نیوزی لینڈ کی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ دو رنز کے اضافے سے شاہین آفریدی نے ٹام لیتھم کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔73رنز پر 4وکٹیں گرنے کے بعد روس ٹیلر کا ساتھ دینے ہنری نکولس آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے 75رنز کی شراکت قائم کر کے ابتدائی نقصان کا کسی حد تک ازالہ کردیا۔دونوں کھلاڑی باآسانی رنز بناتے جا رہے تھے جس سے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کے ماتھے پر شکنیں واضح طور پر دیکھی جا سکتی تھیں لیکن اس سے قبل کہ یہ شراکت پاکستان کے لیے مزید خطرناک شکل اختیار کرتی، حسن علی نے نکولس کی وکٹیں بکھیر دیں جنہوں نے 33رنز بنائے۔کولن ڈی گرینڈ ہوم پھر ناکامی سے دوچار ہوئے اور صرف 3رنز بنانے کے بعد شاداب خان کی وکٹ بنے جبکہ ٹم ساؤدھی بھی 13رنز بنا سکے۔لیکن دوسرے اینڈ سے تجربہ کار روس ٹیلر ڈٹے رہے اور انہوں نے ناقابل شکست 86رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو مکمل تباہی سے بچا لیا۔نیوزی لینڈ کے سب سے تجربہ کار بلے باز کی عمدہ اننگز کی بدولت مہمان ٹیم نے مقررہ اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے صرف 38رنز کے عوض 4وکٹیں حاصل کیں جبکہ دو وکٹیں حسن علی کےحصے میں آئیں۔قبل ازیں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے پاکستان کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں بھی ٹاس جیت لیا اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔کیوی ٹیم نے پہلے میچ میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم کو برقرار رکھا ہے جبکہ قومی ٹیم میں زخمی فاسٹ باؤلر جنید خان کی جگہ فہیم اشرف کو شامل کیا گیا ہے

یہ بھی پڑھیں  اوکاڑہ : پانچ رکنی راہزنی کی وارداتوں میں ملوث گینگ گرفتار. ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر