تازہ ترینعلاقائی

گوجرانوالہ:جشن عید میلادالنبی کے موقع پر درگاہ حضرت ابوالبیان علیہ الرحمہ سے شہرکا مرکزی جلوس نکالاگیا

downloadگوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی) عالمی ادارہ تنظیم الاسلام کے زیر اہتمام جشن عید میلادالنبی کے موقع پر درگاہ حضرت ابوالبیان علیہ الرحمہ سے شہرکا مرکزی جلوس نکالاگیا جس کی قیادت جانشین ابوالبیان پیر محمدرفیق احمد مجددی نے کی ۔ جلوس میں عالمی ادارہ تنظیم الاسلام کے ہزاروں کارکنوں نے شرکت کی۔ جلوس کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز، پلے کارڈ، کتبے اور پرچم اٹھارکھے تھے جن پر حضور ﷺکے فرمودات اور ولادت کے حوالے سے تحریریں درج تھیں ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جانشین ابوالبیان صاحبزادہ پیر محمد رفیق احمدمجددی نے کہا کہ حضور اکرم ﷺکی ولادت باسعادت سے دنیا میں تاریکیوں کا خاتمہ ہوگیا آپ کی تعلیمات سے دنیا میں ہر سواجالاہوگیا ۔ آپ نے ایسانظام نافذ کیا جس کی بدولت ادنیٰ واعلیٰ میں فرق مٹ گیا ۔ جبکہ آپ کے فرمودات پر عمل پیرا ہوکر مسلمانوں نے نہ صرف فتوحات حاصل کیں ۔ بلکہ علم وہنر میں بھی اعلیٰ مقام حاصل کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ رسول پاک کی تعلیمات سے ہٹ جانے کی وجہ سے آج امت مسلمہ پستی، ذلت اور ظلمت کے سائے تلے زندگی گزار رہی ہے ۔ لیکن اب بھی وقت ہے کہ مسلمان قوم اپنے نبی آخرالزماں کے احکامات کو اپنائے تاکہ دنیا میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرسکے۔ جلوس میں علامہ سید خورشید احمد شاہ، علامہ محمد حسین رضوی مجددی، علامہ نوید اقبال مجددی، علامہ بشارت علی مجددی ، علامہ محمد اشفاق احمدمجددی ، علامہ محمد یاسین مجددی، علامہ تنویر حسین مجددی ،فیاض احمد باجوہ، حا فظ محمد نواز،(شجاع موٹرز) اور علماء کرام ومعز زین کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔ بعدازاں عاشقان مصطفی کا یہ جلوس صدیقیہ چوک ،چاندنی چوک سے ہوتا ہواگوندلانوالہ اڈا میں پہنچا، جہاں پر شہر بھر کی تمام تنظیموں اور نامور علماء کرام نے جشن عید میلاد النبی ﷺکی اہمیت اور نبی اکرم کی تعلیمات پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے ان کے حضور نظرانہ عقیدت پیش کیا ۔ جلوس کے اختتام پر صاحبزادہ پیر محمد رفیق احمد مجددی نے پاکستان کی سا لمیت وترقی ،مقبوضہ مسلم علاقوں کی آزادی اور عالم اسلام کو درپیش مسائل کے خاتمہ کے لئے دعا کی۔

یہ بھی پڑھیں  بھائی پھیرو: چھ روز گزرنے کے باوجود سرائے مغل پولیس کا چوری کامقدمہ درج کرنے سے انکار

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker