امریکی معیشت دنیاکی بہترمعیشت اور امریکی فوج دنیا کی طاقتورفوج ہے،امریکی صدر

واشنگٹن(ڈیسک نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انتقامی سیاست کے بجائے کانگریس کے ساتھ ملکر کام کرنے کا عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں امریکیوں کے ہم پلہ کوئی نہیں ہے۔تفصیلات کے مطابق امریکی کانگریس سے اسٹیٹ آف دی یونین سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے میکسکو کی سرحد پر دیوار بنانے کے لیے پھر سے مذاکرات شروع کرنے پر اصرار کرتے ہوئے ڈیموکریٹس کو ‘اتحاد اور مفاہمت’ کا مشورہ دیا، انہوں نے کہا کہ وہ جمود توڑیں اور امریکا کی عظمت کو حاصل کریں۔اپنے خطاب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پر پرانا موقف دہراتے ہوئے کہا کہ میں ہر صورت میکسیکو کی سرحد پر دیوار بناؤں گا،ساتھ ہی انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بیرون ملک دشمنوں کو ناکام بنانے کے لیے امریکیوں کو اپنے ملک میں اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔امریکی صدر کا کہنا تھا کہ امریکا ہر دن ہر جگہ فتح یاب ہو رہا ہے، امریکی معیشت دنیا کی بہتر معیشت اور امریکی فوج دنیا کی طاقتور فوج ہے، دنیا میں کوئی بھی امریکا کا مقابلہ نہیں کرسکتا، ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ دنیا کی تیزی سے فروغ پاتی معیشت کا بھی ہم سے مقابلہ نہیں، ہمارے ملک میں بے روزگاری 50 سال کے دوران کم ترین شرح پر آچکی ہے، ٹیکس میں کمی کی وجہ سے کمپنیاں امریکا میں کاروبار کے لیے آ رہی ہیں اور امریکا تیل و گیس کی پیداوار کے اعتبار سے دنیا کا سب سے بڑا ملک بن چکا ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکی قوم کی نظریں اس وقت کانگریس کی طرف ہیں اور ہم کانگریس کے ساتھ مل کر امریکی عوام کے لیے کام کرنے پر تیار ہیں،کیونکہ میرا ایجنڈا کسی پارٹی کا نہیں امریکا کا ایجنڈا ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ کا مزیدکہنا تھا کہ ملک کو ایک بحرانی صورت حال درپیش ہے جس سے نبرد آزما ہونے کی فوری ضرورت ہے اور وقت آگیا ہے کہ سیاسی سوچ سے بالا تر ہوکر، اتحاد اور تعاون کی بنیاد پر ملکی مفاد میں قانون سازی کی جائے