شہ سرخیاں
بنیادی صفحہ / تازہ ترین / چونیاں:آج امت مسلمہ کی بے بسی پر اقبال کی روح بھی تڑپ رہی ہو گی،افضل شاہین

چونیاں:آج امت مسلمہ کی بے بسی پر اقبال کی روح بھی تڑپ رہی ہو گی،افضل شاہین

چونیاں(نامہ نگار) اقبال کی شاعری کا محور خودی ہے اور مخاطب نوجوان مسلم ہیں۔آج امت مسلمہ کی بے بسی پر اقبال کی روح بھی تڑپ رہی ہو گی۔ کیونکہ امت مسلمہ ٹکڑوں میں بٹ کر بے بسی کی تصویر بن چکی ہے۔ حکیم الامت ، شاعر مشرق ،مفکر و مصورپاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال ایک سچے عاشق رسول ﷺ تھے اور آپ کی زندگی ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔علامہ اقبال نوجوانوں میں شاہین جیسی خصوصیات دیکھنا چاہتے تھے۔نئی نسل کو آپ کے افکار سے روشناس کرانا اساتذہ اور والدین کا فرض ہے۔اتحاد عالم اسلامی کی جتنی آج ضرورت ہے اتنی پہلے کبھی نہیں تھی۔فکر اقبال ہمیں عاشق رسول ﷺ دیکھنا چاہتا ہے، فکر اقبال نوجوانوں کو خود اعتمادی، جہد مسلسل اور غیرت مندی سے جینے کی دعوت دیتا ہے۔فکر اقبال پاکستانی قوم اور حکمرانوں کیلئے کامیابی کا زینہ ہے۔علامہ اقبال نے غلامی کی زنجیروں کو توڑ کرجینے کی جرئات عطا کی۔ان خیالات کا اظہار ماہر تعلیم محمد افضل شاہین نے حکیم الامت علامہ محمد اقبا ل کے 81 ویں یوم وفات کے موقع پر گورنمنٹ ہائی سکول چونیاں میں طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ نسل نو کی تربیت کیلئے ضروری ہے کہ تدریسی نصاب میں ابتدائی جماعتوں سے ہی شاعر مشرق کے افکار سے روشناس کرانا انتہائی ضروری ہے کیونکہ اللہ کے نام پر حاصل کیئے گئے ملک کی بنیاد اسلام ہے اور آپ کی شاعری کا محور بھی دین اسلام ہے۔کسی بھی قوم کی ترقی و خوشحالی اور روشن مستقبل کادارومدارنئی نسل کی بہتر تربیت اور کردار سازی پر ہوتا ہے۔تحریک پاکستان میں نئی نسل نے قائداعظم اور علامہ محمد اقبال کی قیادت میں حصہ لیا اور ناممکن کو ممکن کر دیا۔آپ دراصل احیائے اسلام کے شاعر و مفکر تھے۔ انکے ذہنی ارتقاء کو تحریک احیائے اسلام کی روشنی میں سمجھا جا سکتا ہے۔ قیام یورپ کے دوران آپ ایک عظیم ذہنی اور قلبی انقلاب سے گزرے جس سے آپکی شاعری کا رخ حتمی طور پر اسلام کی طرف پھر گیا۔آپ کی شاعری ایک ایسی تربیت گاہ ہے جس میں بچپن سے جوانی تک کے تمام مراحل کی انتہائی کامیاب سعی کی ہے۔ علامہ اقبال نے اللہ اکبر کی صدا بلند کرتے ہوئے ملک الموت کو خوش آمدید کہا۔اس موقع پرغضنفر عارف، شاہین رحمت نے بھی خطاب کیا۔

یہ بھی پڑھیں  عدالت نےتحریک انصاف ،عوامی تحریک کے 100 کارکنوں کوجیل بھیج دیا
error: Content is Protected!!