شہ سرخیاں
بنیادی صفحہ / تازہ ترین / آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 251 رنز سے ہرا دیا۔

آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 251 رنز سے ہرا دیا۔

لندن(نمائندہ سپورٹس) ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 251 رنز سے ہرا دیا۔ لیون کی گھومتی گیندوں نے جوئے روٹ الیون کو گھما کر رکھ دیا۔ سپن باؤلر نے 6 شکارکیے۔ کمنز کے حصے میں چار وکٹیں آئیں۔پہلے ٹیسٹ کے آخری روز انگلینڈ کی ٹیم نے کھیل کا آغاز 13 رنز سے دوبارہ کیا۔ کینگروز باؤلرز کی شاندار باؤلنگ کے سامنے انگلش ٹیم ریت کی دیوار ثابت ہوئی، پہلی اننگز میں سنچری داغنے والے برنز 19 کے مجموعی سکور پر 11 رنز بنا کر چلتے بنے۔ فاسٹ باؤلر کمنز نے انہیں پویلین بھیجا۔ روئے اور جوئے روٹ نے ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی، اس دوران انہوں نے محتاط انداز میں بیٹنگ کی تاہم 60 کے سکور پر جیسن روئے 28 سکور پر لائن کی دلفریب گیند پر بولڈ ہو گئے۔ڈینلی بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹک سکے۔11 رنز بنا کر لیون کی گیند پر بین کرافٹ کو کیچ دے بیٹھے۔ انگلش ٹیم کو چوتھا نقصان جوئے روٹ کی شکل میں اٹھانا پڑا۔ کپتان بھی 28 رنز بنا کر لیون کی ہی گیند پر کریز چھوڑنے پر مجبور ہوئے۔ جوز بٹلر 1 رن بنا کر کمنز کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔عالمی کپ میں رنز کے انبار لگانے والے وکٹ کیپر بیٹسمین جونی بیرسٹو 6 رنز پر کمنز کی ہی گیند پر بین آؤٹ ہوئے۔ 97 کے مجموعی سکور پر ساتویں وکٹ نائب کپتان بین سٹوکس کی گری، لیفٹ ہینڈ بیٹسمین 6 رنز بنا کر لیون کا نشانہ بن گئے۔آل راؤنڈر معین علی نے 28 گیندوں پر 4 رنز بنا کر وارنر کو کیچ دے دیا۔ آخری 11 اننگز میں باریش بیٹسمین 9 ویں مرتبہ سپنر لیون کو وکٹ دے بیٹھے۔ کرس براڈ اسی اوور میں لیون کی گیند پر چلتے بنے۔ آخری آؤٹ ہونے والے بیٹسمین کرس ووکس تھے جنہوں نے 37 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی۔ کمنز کی گیند پر سمتھ نے کیچ تھاما۔انگلینڈ کی پوری ٹیم 52.3 اوورز میں 146 رنز بنا سکی۔ سپنر ناتھن لیون نے 6 شکار کیے جبکہ فاسٹ باؤلر کمنز کے حصے میں چار وکٹیں آئیں۔ کینگروز کو پانچ میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔اس سے قبل سٹیو سمتھ کی شاندار سنچری کی بدولت آسٹریلیا کی ٹیم نے 487 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کر دی تھی۔ ڈیڑھ سال بعد پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے سٹیون اسمتھ نے دونوں اننگز میں شانداری سنچری بنا کر ٹیسٹ میں واپسی کو یادگار بنا لیا۔ پہلی باری میں انہوں نے 144 رنز بنائے جبکہ دوسری باری میں ان کی بیٹنگ 142 سکور پر محدود رہی۔سابق کپتان کے ساتھ دوسری اننگز میں میتھیو ویڈ نے 110 رنز کی شاندار باری کھیلی۔ بین سٹوکس نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔پانچ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں شاندار بیٹنگ کرنے والے اور دونوں اننگز میں سنچری بنانے والے سٹیون اسمتھ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں  اوکاڑہ: ریلیف سرگرمیوں میں ریسکیو1122سمیت دیگر محکموں کی آپریشنل تیاری

What is your opinion on this news?