پاکستانتازہ ترین

ملکی سلامتی کو درپیش خطرات سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں: آرمی چیف

راولپنڈی (پاک نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج ملک کو درپیش تمام خطرات سے آگاہ اور ان سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے، پاکستان اور خطے میں دیرپا امن اور استحکام کی فضاء تقویت پا رہی ہے۔ سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے آپریشن ردالفساد کے 3 سال مکمل ہونے پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف دو دہائیوں تک لڑی جانے والی جنگ کے نتائج خطے میں امن کی صورت میں ظاہر ہو رہے ہیں، پاک فوج تمام خطرات سے آگاہ ہے اور ہر قیمت پر وطن کا دفاع یقینی بنائے گی۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کے ٹویٹ کے مطابق آپریشن ردالفساد کو تین سال مکمل ہو گئے ہیں، 22 فروری 2017ء کو ملک بھر میں آپریشن ردالفساد شروع کیا گیا، جس کا مقصد ماضی کے آپریشنز کے دوران ملنے والی کامیابیوں کو تقویت دینا اور بلا تفریق ہر قسم کی دہشت گردی کا خاتمہ کرنا تھا۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردی کے مکمل خاتمے، سرحدوں کے دفاع کے لئے آپریشن ردالفساد کے پائیدار نتائج سامنے آئے، دہشت گردی سے سیاحت تک سیکیورٹی فورسز کو قوم کی مکمل حمایت حاصل رہی تاہم ان کامیابیوں کی قیمت بھاری جانی اور مالی نقصان سے ادا کی گئی۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ ہم اپنے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، جنہوں نے اپنا خون دے کر اس وطن کی آبیاری کی، ہمیں اپنے شہیدوں پر فخر ہے، جس طرح انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں قوم نے بھرپور حمایت کی، وہ لائق تحسین ہے، انتہاپسندی کے خلاف جنگ میں قوم کو سلام پیش کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے :

What is your opinion on this news?

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker