
اسلام آباد(پاک نیوز) کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں شہباز شریف متحرک ہوگئے۔ (ن) لیگ کی جانب سے عوام میں ایک لاکھ حفاظتی کٹس تقسیم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ کٹس میں ہینڈ سینیٹائزرز، ماسک، صابن اور ہدایت نامہ شامل ہے۔مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے ویڈیو لنک پر حفاظتی کٹس عوام میں تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے شانہ بشانہ کورونا کی وباء سے لڑیں گے۔ ہم نے تہیہ کیا ہوا ہے کہ عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ ہم نے ہر ممکن حد تک عوام کو کورونا سے بچانے کا سامان مہیا کرنا ہے۔ عوام کی اصل مدد یہ بھی ہے کہ وہ کورونا سے بچاو کی احتیاط پر عمل کریں۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ایک لاکھ کٹس بنائی جارہی ہیں جو عوام میں تقسیم کی جائیں گی۔ اس کٹ میں ماسک، سینیٹائزر، صابن اور عوام کیلئے ہدایت نامہ بھی ہے۔ اس کٹ کا مقصد قوم کو کورونا کے خلاف جنگ کیلئے تیار کرنا ہے۔ کٹ کے ذریعے ان کی رہنمائی کا فریضہ بھی ادا ہوگا، ایک آگاہی پھیلے گی۔ یہ کٹس ہم ہر صوبے اور ہر شہر کو بھجوانے کا سلسلہ شروع کررہے ہیں۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف صاحب کی ہدایت پر عوام کی خدمت کا عمل جاری رکھیں گے۔