تازہ ترینعلاقائی

پھولنگر: کورونا اور ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 8 فیکڑیاں سیل

بھائی پھیرو(نامہ نگار)بھائی پھیرواور گردونواح میں اے سی پتوکی اسامہ شیرون نیازی نے کورونااور ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر ارب پتی با اثر افراد کی آٹھ فیکٹریاں سیل کر دیں،گیارہ کے خلاف ایف آئی آر اور بارہ افسران کو گرفتار کرکے انتظامی گڈ گورنس کا ریکارڈ قائم کر دیا۔پہلے چھوٹی مچھلیوں اورغریب دوکانداروں کے خلاف کاروائی ہوتی رہی اب بڑے بڑے مگر مچھوں کو پکڑ کر اے سی نے انصاف،،سب کیلیے برابر،،کی اعلی مثال قائم کردی عوامی سماجی حلقوں کی رائے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اسسٹنٹ کمشنر پتوکی اسامہ شیرون نیازی نے پولیس کی بھاری نفری لیکر بڑے بڑے مگر مچھ فیکٹری مالکان کے چھکے چھڑا دیے۔انہوں نے کرونا اور ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر گیارہ بڑے بڑے کارخانوں اور فیکٹریوں پر اچانک چھاپے مار کر ان میں سے آٹھ فیکٹریوں کو سیل کر دیا جبکہ گیارہ کے خلاف مقدمات درج کرا دیے اور فیکٹریوں کے بارہ افسران اورملازمین کو گرفتار کرکے پولیس کے حوالے کرکے حوالاتوں میں بند کرا دیے۔اے سی پتوکی کے دفتر سے بھائی پھیرو پریس کلب کو جاری پریس ریلیز کے مطابق آٹھ سیل شدہ فیکٹریوں کے ناموں میں پتوکی شوگرمل،منہا آئیل مل،الفا کیمیکل،سفائر فیکٹری،عامر ٹیکسٹائل،گلستان فیکٹری،ڈائمنڈ فوم اور واردا فیکٹری شامل ہیں جبکہ دیگر تین فیکٹریوں بگ برڈ،فیملی آٹااور حلیب فیکٹری کے خلاف مقدمات درج کرا دیے۔ان تمام گیارہ فیکٹریوں سے فیکٹری افسران اور ملازمین کے بارہ نفوس کو گرفتار کرکے تھانہ پتوکی،بھائی پھیرو اور دیگر تھانوں میں مقدمات درج کرکے حوالات میں بند کرا دیے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ جب سے کرونا بیماری آئی ہے اس وقت سے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر انتظامیہ صرف چھوٹی چھوٹی مچھلیوں اور چھوٹے غریب دوکانداروں کے خلاف ہی کاروائی کرتی رہی اب پہلی دفعہ بڑے بڑے مگر مچھ فیکٹری مالکان کے خلاف کاروائی کرنے کے اقدام کو عوامی سماجی حلقوں نے خراج تحسین پیش کرتے کہا ہے کہ اے سی نے،،انصاف سب کیلیے برابر،، کی اعلی مثال قائم کردی ہے۔

یہ بھی پڑھیے :

One Comment

Back to top button