
راولپنڈی(نمائندہ سپورٹس)نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے سکیورٹی خدشات کو جواز بناکر پاکستان کا دورہ اچانک ختم کرنے کا اعلان کردیا جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز ملتوی کردی گئی ہے۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلے ون ڈے میچ کے آغاز میں تاخیر ہوئی تھی جس کے حوالے سے یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ شاید کورونا کی وجہ سے کھلاڑیوں کو ہوٹل میں ہی رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔پھر یہ خبر سامنے آئی کہ سکیورٹی خدشات کی وجہ سے میچ منسوخ کیا گیا ہے تاہم اب اس بات کی تصدیق ہوگئی ہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے دورہ پاکستان ختم کردیا ہے اور اس کی وجہ سکیورٹی خدشات بتائی ہے۔