پاکستانتازہ ترین

بلدیاتی الیکشن:تحصیل کونسل کی 2 نشستوں کے نتائج موصول۔پی ٹی آئی کو شکست

پشاور(پاک نیوز)خیبر پختونخوا میں ہونےوالے بلدیاتی انتخابات میں تحصیل کونسل کی دو نشستوں کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج موصول ہو گئے ہیں۔صوابی کی تحصیل رزڑ سے اے این پی جبکہ بنوں کی تحصیل میریان سے آزاد امیدوار نے میدان مار لیا ہے ، دونوں نشستوں پر تحریک انصاف کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق ضلع صوابی کی تحصیل رزڑ میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی ) کے امیدوار نے میدان مار لیا ہے۔اے این پی کے امیدوار غلام حقانی 22 ہزار 743 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے ہیں جبکہ ان کے مد مقابل تحریک انصاف کے امیدوار بلند اقبال ترکئی 13 ہزار 23 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے ہیں۔دوسرا نتیجہ ضلع بنوں کی تحصیل میریان کاہے جہاں آزاد امیدوار نے میدان مارا ہے۔ تحصیل چیئرمین میریان کی نشست پر آزاد امیدوار پیر کمال شاہ 11 ہزار 885 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ہیں جبکہ تحریک انصاف کے شاہد خان چھ ہزار 370 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔واضح رہے کہ خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی  جو بغیر کسی وقفے کے شام 5بجے تک جاری رہی۔ قبائلی اضلاع کے عوام نے پہلی بار اپنا حق رائے دیہی استعمال کیا۔پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، خیبر، مہمند، مردان، صوابی، کوہاٹ، کرک، ہنگو، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، ہری پور، بونیر اور باجوڑ میں مجموعی طور پر ایک کروڑ 26 لاکھ 68 ہزار 862 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔صوبے میں کل 9 ہزار 223 پولنگ سٹیشنز اور 28 ہزار 892 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے تھے جبکہ دوسری طرف خیبرپختونخوا میں سٹی میئر اور تحصیل چیئر مین کیلئے 65 سیٹوں پر 676 امیدوار ہیں۔

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button