پاکستانتازہ ترین

پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے طالبعلم محمد فیضان ٹیپو کی تقریری مقابلے میں پہلی پوزیشن

سردار آفتاب اکبر خان کی زیر سرپرستی طالبعلموں کے درمیان تقریر ی مقابلے۔

چکوال(نمائندہ خصوصی) چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن سردار آفتاب اکبر خان کی زیر سر پرستی یوم قائد کے موقع پر تقریری مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔ تقریری مقابلہ یونیورسٹی آف چکوال کے سیتھی ہال آڈیٹوریم میں منعقد کیا گیا جس میں منسٹر ہائیر ایجوکیشن کمیشن راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں آسیہ امجد ایم پی اے،چیئرپرسن سٹنڈنگ کمیٹی برائے ہائیر ایجوکیشن، ڈاکٹر محمد بلال خان وائس چانسلر یونیورسٹی آف چکوال، نوید عباس ڈائریکٹر ریجنل آفس راولپنڈی،پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن،حافظ محمد اختر پرنسپل چکوال کالج آف آرٹس اینڈسائنسز، چوہدری خورشید بیگ وائس چیئرمین ضلع کونسل چکوال اور دیگر پیف افسران نے شرکت کی۔پہلے مرحلے میں ضلع چکوال کی تمام تحصیلوں سے 150 بچوں نے شرکت کی جس میں سے 12 بچوں نے فائنل راونڈ کے لیے کوالیفائی کیا۔ فائنل راونڈ کے مقابلے کا انعقاد 25 دسمبر یوم قائد کے موقع پر کیا گیا۔تقریری مقابلے میں پہلی پوزیشن محمد فیضان ٹیپو نے حاصل کی۔ محمد فیضان ٹیپو پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے پروگرام فاؤنڈیشن اسسٹڈ سکول پروگرام سے منسلک یونیک پبلک سکول کا طالبعلم ہے۔تقریب کے مہمان خصوصی منسٹر ہائیر ایجوکیشن کمیشن پنجاب راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے محمد فیضان ٹیپو کو پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر مبارکباد دی اور لیپ ٹاپ پیش کیا۔ دوسری پوزیشن رانیم وردا فوجی فاؤنڈیشن سکول چکوال اور تیسری پوزیشن حسیب شہزاد گورنمنٹ ہائی سکول ساگھڑ تلہ گنگ نے حاصل کی جنہیں کیش پرائز دیے گئے۔تقریب کے دوران منسٹر ہائیر ایجوکیشن نے بچوں کے ساتھ مل کر یوم قائد کا کیک بھی کاٹا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجہ یاسر سرفراز نے کہا کہ غیر نصابی سرگرمیاں بچوں کی ذہنی نشوونما کے لیے انتہائی ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی سرگرمیاں بچوں کی تخلیقی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرتی ہیں۔انہوں نے ضلع چکوال میں اتنے بڑے تقریری مقابلے کے انعقاد پر سردار آفتاب اکبر خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ طالبعلموں کے درمیان اس طرح کی صحتمندانہ سرگرمیوں کو فروغ دینے سے طالبعلموں کی صلاحیتوں کو مزید اجاگر کیا جا سکتا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوے ڈائریکٹر ریجنل آفس راولپنڈی پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نوید عباس نے کہا کہ بچوں میں تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے غیر نصابی سرگرمیوں کی حیثیت مسلم ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اُن تمام اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے اتنے بڑے فورم پر بچوں کو ان تقاریر کے لیے تیار کیا اورتما م بچوں نے بہت خوبصورت انداز میں ہمارے ہیروز کی جدو جہد اور قربانیوں کو تقاریر کے ذریعے تقریب میں بیان کیا۔تقریب کے اختتام پر منسٹر ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے تقریری مقابلوں میں حصہ لینے والے تمام طالبعلموں میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button