پاکستانتازہ ترین

عمران خان صاحب ساتھیوں سے کہہ دیں گھبرانا نہیں۔ مونس الہیٰ

لاہور(پاک نیوز)مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الہٰی نے کہا ہے کہ گھر آنے والوں کو  خوش آمدید کہنا  اور سیاسی لوگوں سے ملنا ہمارا کام ، وزیراعظم اپنے ساتھیوں سے کہہ دیں گھبرانا نہیں۔وفاقی وزیر آبی وسائل مونس الہیٰ کا پاکستان میں ہائیڈرو پاور ڈویلپمنٹ کے حوالے سے منعقدہ عالمی سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے  کہنا تھا کہ سیاسی لوگ تعلقات بناتے اور نبھاتے ہیں جبکہ ہم سیاسی لوگ ہیں اور لوگوں سے ملنا ہمارا کام ہے۔ مونس الہیٰ نے کہا کہ پاکستان کیلئے نئے ڈیمز بنانا بہت ضروری ہے اور جلد کالا باغ ڈیم کا پروپوزل کابینہ میں لے کر جائیں گے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز شہباز شریف نے چوہدری برادران سے ملاقات کی تھی۔ اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد لانےکا فیصلہ کیا ہے، ساتھ دیا جائے اور آپ کے حکومت سے متعلق تحفظات بھی سامنے آتے رہتے ہیں اب بڑا فیصلہ کریں، آصف علی زرداری اور مولانا فضل الرحمان بھی آپ سے ملے ہیں جبکہ اپوزیشن یکسو ہے کہ حکومت کو گھر جانا چاہیے۔چوہدری برادران کا کہنا تھا کہ ہم سیاسی صورت حال پر پارٹی مشاورت کریں گے اور آنے والے دن اہم ہیں جبکہ ہم صورت حال کے تناظر میں غور کے بعد لائحہ عمل اختیار کریں گے۔ دونوں جانب کی قیادت نے ڈیڑھ گھنٹہ سے زائد ملاقات کی۔یاد رہے کہ  لیگی اور ق لیگ کے رہنمائوں میں ملاقات کے تین دور ہوئے اور پہلے دور میں دونوں جانب کی قیادت شریک ہوئی، دوسرے دور میں شہباز شریف، چوہدری شجاعت حسین اور پرویز الٰہی شریک ہوئے، تیسرے دور میں شہباز شریف، شجاعت حسین، پرویزالٰہی، سعد رفیق، ایاز صادق بھی شریک ہوئے، بعد ازاں رانا تنویرکو بھی ملاقات میں شریک کرلیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button