پاکستانتازہ ترین

شہبازشریف جہانگیر ترین خفیہ ملاقات کا انکشاف

لاہور(ڈیسک نیوز) ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے پی ٹی آئی کے ناراض رہنما جہانگیر خان ترین سے خفیہ ملاقات کی ہے۔ ذرائع کے مطابق چند روز قبل دونوں رہنماؤں نے عمران خان حکومت اور اس کی قسمت کے حوالے سے بات چیت کی ہے۔ رابطہ کرنے پر جہانگیر ترین نے اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک لانے کے تناظر میں اس اہم ترین ملاقات کے حوالے سے کوئی مؤقف نہیں دیا۔ اپوزیشن لیڈرسے ملاقات کی تصدیق یا تردید کئے بغیر جہانگیر ترین نے کہا کہ حکمران جماعت سے تعلق رکھنے والے ان کے گروپ میں شامل ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے انہیں کوئی بھی سیاسی فیصلہ کرنے کا مینڈیٹ دے رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاست دان کی حیثیت سے وہ دیگر سیاست دانوں کے ساتھ بات چیت پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر شخص ملک کی معاشی صورتحال کو دیکھ کر اور بڑھتی مہنگائی کی وجہ سے پریشان ہے۔ ان کے گروپ میں شامل ارکان پارلیمنٹ کی رائے ہے کہ وہ عوام کی پریشانیوں اور مشکلات سے لاتعلق نہیں رہ سکتے۔واضح رہے کہ رواں ہفتے پی ٹی آئی کے ناراض رہنما جہانگیر ترین کے گروپ سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ کی ایک بڑی تعداد نے دو مرتبہ لاہور میں ملاقات کی ہے اور جہانگیر ترین پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے اور ان کا ساتھ دینے کا وعدہ کیا ہے۔ جہانگیر ترین نے مزید  کہا کہ ان کے گروپ میں شامل ارکان پارلیمنٹ کی تعداد 30؍ سے زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مل بیٹھ کر ملک کو درپیش مسائل کے حل کیلئے بات کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، تمام دوست مل بیٹھے اور سب نے اہم ایشوز پر بات کی جن میں مہنگائی شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button