
سکھر(پاک نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں عوامی مارچ آج پنجاب میں داخل ہورہا ہے۔ترجمان بلاول ہاؤس کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی زیرِ قیادت عوامی مارچ جاری ہے۔عوامی مارچ کا آغاز آئی بی اے سکھر سے ہوگا، جہاں سے مارچ گھوٹکی سے ہوتا ہوا رحیم یار خان پہنچے گا، بلاول بھٹو زرداری آج پہلا خطاب گھوٹکی میں کریں گے۔ترجمان بلاول ہاؤس کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کا لانگ مارچ سلیکٹڈ کے لئے سونامی ثابت ہوگا، عوامی مارچ میں شریک جیالوں کا جوش و جذبہ عروج پر اور حوصلے بلند ہیں، غریبوں کی زندگی اجیرن بنانے والے عمران خان کو گھر بھیجنا ہے۔ترجمان بلاول ہاؤس نے مزید کہا کہ غربت کے مارے پنجاب کے عوام لانگ مارچ میں شمولیت کے لئے بے تاب ہیں، پنجاب کے عوام کٹھ پتلی کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں گے، سرائیکی وسیب کے عوام سیلیکٹڈ کو گھر بھیجنے کے لئے باہر نکلیں گے۔