پاکستانتازہ ترین

تحریک عدم اعتماد سے پہلے ہمارے زیادہ تر لوگ واپس آئیں گے، وزیر اعظم

راولپنڈی(پاک نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جیسے جیسے تحریک عدم اعتماد کے لیے رائے شماری کا وقت قریب آرہا ہے، ہمارے زیادہ تر لوگ واپس آئیں گے۔راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کی تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ اچھا ہوا کہ تحریک عدم اعتماد آگئی، لوگوں کو کبھی نہ کبھی پتہ چلنا تھا کہ ملک میں پیسے کی سیاست آگئی ہے، سندھ ہاؤس میں لوگوں کے ضمیر خریدنے کے لیے منڈی لگی ہوئی ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ ایسا بھی کبھی نہیں ہوا کہ سندھ ہاؤس کو بچانے کے لیے سندھ سے پولیس بلوائی گئی ، اگر کوئی لوگ تحریک انصاف سے ناراض ہوکر جانا چاہتے ہیں تو اس کے لئے اتنا کچھ کرنے کی کیا ضرورت ہے۔ سندھ حکومت کا پیسہ عوام کا پیسہ ہے، سندھ کے پیسے سے سیاستدانوں کو خریدا جارہا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہم اسی قسم کی سیاست کی وجہ سے پیچھے رہ گئے ہیں۔ اسے جمہوریت نہیں کہتے ، جمہوریت کسی اور چیز کا نام ہے۔ جمہوریت میں پرامن احتجاج سب کا حق ہے، احتجاج کریں لیکن کوئی تصادم نہ کریں۔وزیر اعظم نے کہا کہ چھانگا مانگا کی سیاست کے وقت سوشل میڈیا نہیں تھا، اب وقت بدل گیا ہے سوشل میڈیا سب کچھ سامنے لے آتا ہے۔اصل دباؤ عوام کا ہوتا ہے، ضمیر فروشی پر قوم کا غصہ دیکھ رہا ہوں،  27 تاریخ کو عوام بتائیں گے وہ کس طرف کھڑے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ میں یہ یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ جیسے جیسے تحریک عدم اعتماد کی تحریک کے لیے رائے شماری کا وقت قریب آرہا ہے، عوام کے دباؤ میں ہمارے زیادہ تر لوگ واپس آئیں گے۔

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button