پاکستانتازہ ترین

بلاول کو آخری موقع دے رہا ہوں کہ وہ عمران خان کے خاندان کی طرف نہ جائیں۔شیخ رشید

اسلام آباد(پاک نیوز)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوئی تو عمران خان 2 تہائی اکثریت سے واپس آئیں گے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ گینگ آف تھری نے کرنل قذافی، صدام حسین ، اسامہ بن لادن کا مال نہیں چھوڑا، مال ان کا مائی باپ ہے ، اسی مال سے لوگوں کے ضمیر خریدے جارہے ہیں، ان کی جمہوریت کا معیار اس حد تک گر چکا ہے کہ قاتلوں کو بھی بلایا جارہا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے 28 مارچ کو جے یو آئی کو جلسے کی اجازت دی تھی اب مسلم لیگ (ن) کو بھی اجازت دے دی ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ جے یو آئی والے ایچ نائن میں اپنی مرضی سے بیٹھے ہیں،ہم انہیں شو کاز نوٹس دے رہے ہیں، عدالت کا حکم ہے کہ سری نگر کو کھلا رکھا جائے، ان کو دیا گیا وقت ختم ہوچکا ، اب یہ جگہ مسلم لیگ (ن) کو تفویض کردی گئی ہے، کشمیر ہائی وے پر جے یو آئی کے کارکن آئے تو قانون کے مطابق عمل ہوگا۔ انہوں نے کوئی جھگڑا کرنے کی کوشش کی تو انتظامیہ حرکت میں آئے گی۔شیخ رشید نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کو آخری موقع دے رہا ہوں کہ وہ عمران خان کے خاندان کی طرف نہ جائیں۔مولانا فضل الرحمان اپنی عمر دیکھ کر دھکا دیں ، ایسا نہ ہو کہ دھکا دیتے ہوئے وہ پیچھے گر پڑیں، ان کے رنگ پسٹن بیٹھے ہوئے ہیں، ان کا انجم دھواں چھوڑ رہا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا جس عمران خان کو میں جانتا ہوں وہ آخری گیند تک ان سے کھیلے گا۔ اقتدار کے بھوکے یاد رکھیں کہ ان کی نااہلی کے لیے عمران خان مقبول ہوگیا ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ اندازہ کریں کہ بلاول بھی عمران خان استعفیٰ مانگ رہا ہے، مولانا فضل الرحمان کہہ رہے کہ عمران خان کا آخری دن ہے،نتیجہ جو بھی نکلے اپوزیشن کو کچھ نہیں ملنے جارہا۔ عمران خان عوام میں زندہ ہوگیا ہے، وہ آئے گا اور وہ چھاجائے گا۔شیخ رشید نے کہا کہ میرے پاس خبر ہے، وہ نہیں ہونے جارہا جو وہ سوچ رہے ہیں، اقتدار ان کی جھولی میں نہیں آئے گا، میں چاہتا ہوں کہ عمران خان کے ہاتھوں ان ضمیر فروشوں کا خاتمہ ہو۔۔وفاقی وزیر نے کہا کہ جب کابینہ میں چینی ، آٹے اور دال کی قیمتیں بتاتا تھا تو لوگ کہتے تھے کہ شیخ رشید اب بھی وہی ہے۔ ہمارے دور میں عوام کو ریلیف نہیں ملا ، ان چوروں نے ملک کو اتنا لوٹ لیا کہ عمران خان کے ہاتھ بندھے ہوئے تھے۔شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف کی کسی آرمی چیف سے نہیں بنی، وہ خود گیٹ نمبر 4 کی پیداوار ہیں۔ بھگوڑوں کے نا تو پیسے پاکستان میں ہیں نا ہی ان کے بچے یہاں رہتے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وقت بتائے گا کہ عمران خان کو خدا بچائے گا، اگر وہ تحریک عدم اعتماد میں بچ نہ پائے تو اللہ ان کو زیادہ عزت دینے جارہا ہے۔ وہ اسمبلی میں 2 تہائی اکثریت سے اسمبلی میں آئیں گے۔شیخ رشید نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ پاکستان کے ساتھ ہے اور پاکستان کے حالات کا تقاضا ہے کہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے، عمران خان اتنے بھولے نہیں، انشاؑ اللہ آرمی چیف اپنی مدت پوری کریں گے۔مسلم لیگ (ق) سے متعلق شیخ رشید نے کہا کہ ق لیگ مجھ سے ناراض ہوجاتی ہے، میرے ان کے بڑوں سے تعلقات تھے، چوہدری شجاعت کی وہ بہت عزت کرتے ہیں لیکن نوجوانوں سے ان کا رابطہ نہیں۔

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button