
ایم کیو ایم کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم میں اپوزیشن کا ساتھ دیں گے۔تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اپنے تمام سیاسی مفادات پر پاکستان کے مفادات کو ترجیح دی ہے، ہمارا ذاتی اور جماعتی کوئی بھی مفاد شامل نہیں، ہمارے معاہدے کی ایک ایک شق پاکستان کے عوام کے لئے ہے۔ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ سیاسی اختلافات ختم کر کے آگے بڑھیں، امید کرتا ہوں کہ اب دعوؤں اور وعدوں سے آگے کام کریں گے۔دوسری جانب چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان نے کراچی کے مفادات میں اچھا فیصلہ کیا ہے، ایم کیو ایم نے کراچی کے مفاد اور مسائل کو دیکھتے ہوئے حکومت سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کا متحدہ اپوزیشن کا ساتھ دینے کا فیصلہ تاریخی فیصلہ ہے، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے ہر حال ہر صورت میں مل کر کام کرنا ہے۔بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ 2018 میں الیکشن کے نام پر جو الیکشن ہوئے وہ سلیکشن تھی، اس سلیکشن کا نقصان کراچی اور پورے ملک کی قوم اٹھا رہی ہے، وزیر اعظم عمران خان اپنی اکثریت کھو چکے ہیں۔