
لاہور(نمائندہ سپورٹس)مختلف ممالک کا سفر طے کرتے ہوئے فیفا ورلڈ کپ کی ٹرافی پاکستان پہنچا دی گئی ہے۔قطر دو ہزار بائیس فٹ بال کپ کی ٹرافی کی باقاعدہ رونمائی کی مرکزی تقریب لاہور کے مقامی ہوٹل میں ہوگی۔فیفا ورلڈ کپ ٹرافی چارٹرڈ طیارے کے ذریعے تاشقند سے لاہور پہنچائی گئی، ٹرافی سابق فرینچ فٹ بالر کرسچئین کریمبو لے کر آئے ہیں جو انیس سو اٹھانوے میں فرانس کے فاتح فٹ بال ٹیم کا حصہ تھے۔ اس موقع پر پاکستانی وومن فٹ بالر حاجرہ خان بھی فیفا ٹرافی کو خوش آمدید کرنے کیلئے موجود تھیں۔میڈیا سے مختصر گفتگو میں حاجرہ خان کا کہنا تھا کہ فیفا ورلڈ کپ ٹرافی کی پاکستان آمد خوش آئند ہے، پاکستان میں فٹبال کے حالات بہتر نہیں لیکن اس کے باوجود فیفا ٹرافی آنا بڑی بات ہے۔ٹرافی آج رات ہی لاہور سے دوسرے ممالک کے سفر پر روانہ کردی جائے گی۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ یہ دوسرا موقع ہے جب فیفا ورلڈ کپ ٹرافی نے پاکستان کا رخ کیا ہے، اس سے قبل بھی دوہزار اٹھارہ میں یہ ٹرافی لاہور لائی گئی تھی، ٹرافی کے ہمراہ فرانس کے فٹبال ورلڈ کپ ونر کرسچئین کریمبو ہی پاکستان آئے تھے جنہوں نے ٹرافی کو نمائش کیلئے پیش کیا تھا۔واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ کے آغاز سے چھ ماہ قبل ورلڈ کپ ٹرافی کے دنیا بھر کے سفر کا آغاز فیفا ہیڈ کوارٹرز دبئی سے ہوا، جہاں فٹ بال ورلڈکپ کے فاتح آکر کیسیلا اور کاکا نے اصل فیفا ٹرافی ٹور کو نمائش کیلئے پیش کیا تھا۔فٹ بال کے عالمی کپ فیفا 2022 کی میزبانی اس سال خلیجی ملک قطر کے حصے میں آئی ہے، جہاں سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ 21 نومبر سے 18 دسمبر تک جاری رہے گا۔