
اسلام آباد(پاک نیوز) پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔پی ٹی آئی رہنما اسد عمر کہتے ہیں کہ دو سے تین دن میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں دو پٹیشنز دائر کی جائیں گی۔اسد عمر کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی جانے والی درخواستوں میں ایک توہین عدالت کی درخواست ہو گی، توہین عدالت کی درخواست الیکشن کمیشن کی سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی پر ہوگی جبکہ دوسری درخواست الیکشن کمیشن کے فیصلے میں قانونی غلطیوں کے خلاف ہوگی۔خیال رہے کہ 2014 میں پی ٹی آئی کے بانی رکن اکبر ایس بابر کی جانب سے الیکشن کمیشن میں یہ کیس دائر کیا گیا تھا جس کی 8 سالہ طویل سماعت کے بعد 21 جون 2022 کو اس کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا گیا تھا۔