
اسلام آباد(پاک نیوز)اسلام آباد ہائی کورٹ نے اخراجِ مقدمہ کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان کیخلاف دہشتگردی کی دفعات ختم کر دیں۔تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی سربراہی میں دورکنی بینچ نے ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری کو دھمکی دینے سے متعلق کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کی اخراج مقدمہ کی درخواست پرسماعت کے بعد فیصلہ سنایا۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے دہشت گردی کی دفعہ سیون اے ٹی اے ختم کرتے ہوئے کہا کہ دیگر دفعات کے تحت عمران خان کیخلاف دیگر فورم پر مقدمہ جاری رہے گا۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے وکیل عمران خان سلمان صفدر اور اسپیشل پراسیکیوٹر کے دلائل سننے کے بعد عمران خان کی اخراجِ مقدمہ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔سماعت کے آغاز میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے پوچھا کہ یہ بتائیں کہ جے آئی ٹی نے اس کیس میں کیا رائے دی ہے؟