پاکستانتازہ ترین

ملک بھر میں آج عید میلاد النبیﷺ انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

لاہور(عقیل خان سے) پاکستان بھر میں آج جشن آمد رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے، شہر شہر چراغاں، مسجدوں،  گھروں اور  عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا۔دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں21 ، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔عیدمیلاد النبیﷺ پر ملک بھر میں محافل سماع کا بھی اہتمام کیا جارہا ہے، ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں قصبوں اور دیہات میں عید میلاد النبیﷺ کے جلوس برآمد ہوں گے، محافل درود و سلام منعقد ہوں گی اور پیغمبرِ امنﷺ کا پیغام گھر گھر پہنچایا جائے گا۔صدر عارف علوی نے 12 ربیع الاول پر پیغام میں کہاکہ حضورﷺ کی تعلیمات کو مشعلِ راہ بنانے میں ہی کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ  معاشرے، قوم اور ملک میں امن، خیر خواہی، دیانت اور ترقی چاہتے ہیں تو اسی مثالی معاشرے کی اعلی اقدار کو اپنانا ہوگا جس کی بنیاد نبی کریم ﷺنے رکھی تھی۔ وزیراعظم شہبازشریف نےکہاکہ انسانیت کے ہر دکھ کا مداوا رحمتِ دوجہاںﷺ کی کامل تابعداری میں پنہاں ہے۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اپنے حبیب مکرمﷺ کی کامل اتباع واطاعت نصیب فرمائے۔دوسری جانب اسلام آباد، لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور سمیت ملک بھر میں  12 ربیع الاول کےسلسلے میں مساجد، عمارتوں اور محلوں کو نہایت ہی خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔صوبائی دارالحکومت کراچی میں   21 توپوں کی سلامی اور ملک و قوم کی سلامتی کیلئے خصوصی دعاؤں سے دن کا آغاز کیا گیا جبکہ شہر کے 40 سے زائد علاقوں سے چھوٹے بڑے جلوس نکالنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں جو جشن میلاد کے مرکزی جلوس کا حصہ بنیں گے۔

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button