تازہ ترینکھیل

فٹبال ورلڈ کپ: پہلی بار کوارٹر فائنل میں پہنچنے پر مراکش کی ٹیم میدان میں سجدہ ریز

قطر(نمائندہ سپورٹس) قطر میں جاری فٹبال ورلڈ کپ میں پہلی بار کوارٹر فائنل میں پہنچنے پر مراکشی کھلاڑی میدان میں ہی سجدہ ریز ہوگئے۔ ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میچ میں مراکش نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پینالٹی ککس پر سابق عالمی چیمپئن اسپین کو شکست دی۔مراکش اور اسپین کے درمیان کھیلے جانے والے میچ میں مقررہ وقت تک دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کرسکیں۔ جس کے بعد اضافی وقت دیا گیا دونوں ٹیمیں اضافی وقت میں بھی گول نہ کرسکیں اور میچ پھربرابر ہوگیا۔جس کے بعد میچ کا فیصلہ پینالٹی ککس پر کرایا گیا۔ فیصلے کے لیے دونوں ٹیموں کو پانچ، پانچ پینالٹی ککس دی گئیں، مراکش کی ٹیم چار پینالٹی ککس میں سے تین پر گول کرنے میں کامیاب رہی جبکہ اسپین کی ٹیم ابتدائی تینوں پینالٹی ککس پر گول کرنے میں ناکام رہی ۔ یوں مراکش نے اسپین کو پینالٹی ککس پر 0-3 سے شکست دے کر پہلی بار ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔پہلی بار ورلڈ کپ کے کوارٹرفائنل میں پہنچنے کے بعد مراکشی کھلاڑیوں نے میدان میں سجدہ کرکے اللہ کا شکر ادا کیا۔سوشل میڈیا پر بھی مراکشی فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں کے فتح کے بعد سجدے کرنے کی تصاویر وائرل ہو رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button