لاہور (پریس ریلیز) مرکزی صدر کسان بورڈ پاکستان سردار ظفر حسین خان نے حکومت کی طرف سے زرعی شعبہ کے لیے بجلی کی قیمت 10.50روپے بشمول جنرل سیلز ٹیکس مقرر کیے جانے، عدم ادا بلوں پر جرمانے کی معافی اور انھیں 10اقساط میں ادائیگی کرنے کے حکومتی فیصلے کو کسان دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے زرعی شعبے پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انھوں نے اس سلسلے میں میاں محمد شہباز شریف وزیر اعلیٰ پنجاب اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی ذاتی دلچسپی اور اس مسئلے کے حل کے لیے ان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے انھیں مبارک باد دی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ سیلاب زدہ اضلاع میں ہونے والی تباہ کاریوں سے زراعت کو پہنچنے والے نقصان کا فوری ازالہ کرے، سیلاب زدہ اضلاع میں آبیانہ کی معافی، کھاد بیج کی فوری فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ اس موقع پر کسان بورڈ وسطی پنجاب کے صدر چوہدری نور الہٰی تتلہ، غربی پنجاب کے صدر ڈاکٹر عبدالجبار چوہدری، شمالی پنجاب کے صدر ڈاکٹر محمد نواز چھینہ اور جنوبی پنجاب کے صدر ملک فیاض الحسن بھٹہ نے کاشت کاروں کو دیے گئے ریلیف کو کسان دوست فیصلہ قرار دیا اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ سیلاب زدہ علاقوں کا فوری سروے کروائیں اور کاشت کاروں کو پہنچنے والے نقصانات کی تلافی کی جائے۔
You must be logged in to post a comment.