
لاہور(نمائندہ سپورٹس) انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن نے بھارت کو عالمی چیمپئن ماننے سے ہی انکار کردیا، سی ای او دیوراج چترویدی کے مطابق قوانین کے مطابق انٹرنیشنل سطح کے مقابلوں میں نیوٹرل امپائرز استعمال ہوتے ہیں تاہم بھارت میں منعقدہ ایونٹ میں ایسا نہیں کیا گیا۔ دوسری جانب فائنل کی تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ منظرعام پر نہ آنے کی وجہ سے شکوک وشبہات جنم لینے لگے، فیصلہ 1،2 روز تک نہ سنائے جانے کی صورت میں پنجاب اسپورٹس بورڈ نے معاملہ کبڈی کی عالمی فیڈریشن کے سامنے اٹھانے کی دھمکی دیدی۔ تفصیلات کے مطابق حال ہی میں بھارت میں منعقدہ عالمی کبڈی کپ کے فائنل میں بھارت کی متنازع جیت نے نیا رخ اختیار کرلیا، پاکستان کے بعد اب ورلڈ کبڈی فیڈریشن نے بھی فائنل کومشکوک قراردیکر بھارت کو عالمی چیمپئن ہی ماننے سے انکارکردیا۔