تازہ ترینعلاقائی

ضلع اٹک میں ڈینگی سے عوامی آگاہی کے لیے ڈینگی ڈے منعقد کیا گیا

dengueراولپنڈی (ڈپٹی بیورو چیف )حکومت پنجاب کی ہدایات پرتمام سرکاری، نیم سرکاری اور پرائیویٹ دفاتر کی صفائی اور ضلع اٹک میں ڈینگی سے عوامی آگاہی کے لیے ڈینگی ڈے منعقد کیا گیا ۔ اس سلسلے میں تمام دفاتر کھلے رہے جہاں عملہ معمول کے مطابق حاضر رہا۔ اٹک شہرمیں مرکزی تقریب ٹی ایم اے اٹک کے تحت ٹی ایم اے دفتر سے فوارہ چوک تک ڈینگی آگاہی واک کا انعقاد تھا۔ ٹی ایم او اٹک سردار آفتاب احمد نے واک کی قیادت کی جس میں محکمہ ہیلتھ کے نمائیندے ڈاکٹر ثاقب عزیز ، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری کرنل سجاد کے علاوہ مختلف محکموں کے افسران ، اہلکاروں اور عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء نے اپنے خطاب میں ڈینگی وائرس سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیر سے عوام الناس کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ڈینگی قابل علاج مرض ہے جس پر مناسب احتیاط سے قابو پایا جاسکتا ہے۔ ڈینگی مچھر صاف پانی میں نشوونما پاتا ہے اس لیے ہمیں چاہیے کہ اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں اور فالتو پانی کو کہیں کھڑا نہ ہونے دیں۔ڈینگی مچھر کے کاٹنے سے بچنے کے لیے پورے آستینوں کا لباس استعمال کیا جائے ، گھروں میں مچھر مار سپرے ، کوائل اور میٹ کے استعمال کے علاوہ پانی کے تمام برتنوں کو ڈھانپ کررکھا جائے۔ بخار کی صورت میں فوری طور پرمستند معالج اور سرکاری ہسپتالوں سے رجوع کیا جائے ۔ضلع اٹک میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال اٹک میں ڈینگی کے مریضوں کے لیے علیحدہ وارڈ مختص کیا گیا ہے۔ جہاں ڈینگی بخار کی تشخیص سے مکمل علاج تک تمام سہولیات میسر ہیں۔علاوہ ازیں اٹک شہر میں ڈینگی کے خاتمے کے لیے ٹی ایم اے سٹاف کے ساتھ ساتھ نو سو کے قریب لیڈی ہیلتھ ورکرز بھی مصروف عمل ہیں۔ اس موقع پر تجویز پیش کی گئی کہ سکول و کالجز میں صبح کے وقت اسمبلیوں میں طلباو طالبات کو ڈینگی سے حفاظتی تدابیر اور احتیاط کے بارے میں آگاہی سے بہتر نتائج حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ علاوہ ازیں نماز جمعہ کے موقع پر امام مساجد کے ذریعے لوگوں کو اس موذی مرض سے بچاؤ کے لیے بھی آگا ہ کیا جاسکتا ہے۔واک کے شرکاء نے مختلف بینرز اور پلے کارڈز اٹھارکھے تھے جن پر ڈینگی وائرس سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیر درج تھیں۔ٹی ایم او اٹک سردار آفتاب احمد نے اس موقع پر حفاظتی اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ٹی ایم اے اٹک کا عملہ ڈینگی مچھر کی نشوونما کی روکنے کے لیے ہمہ وقت مصروف عمل ہے اور حکومت ہدایات کے پیش نظر تمام اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حفاظتی اقدامات کی وجہ سے اٹک میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے۔

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button