پاکستانتازہ ترین

پیپلز پارٹی سے ٹکرانے والے پاش پاش ہو جائیں گے،وزیراعظم آزاد کشمیر

ch abdul majeedاسلام آباد ( چیف رپورٹر )وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے پاکستان میں جمہوریت کے استحکام اور مفاہمت کی سیاست کو جو فروغ دیا وہ تاریخ کا حصہ ہے۔ عالمی سطح پرصدر زرداری نے پاکستان کا جمہوری تشخص اجاگر کیا۔ جس سے ملک کے استحکام اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کو تقویت ملی گی۔ ایک جمہوری اور مستحکم پاکستان پاکستان ہی کشمیریوں کی جلد آزادی کی ضمانت فراہم کر سکتا ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے پاکستان پیپلز پارٹی کو بھرپور عوامی اور نظریاتی قوت میں تبدیل کر دیا۔ آنے والے انتخابات میں پیپلز پارٹی لینڈ سلائیڈ وکٹری حاصل کرے گی۔ پیپلز پارٹی سے ٹکرانے والے پاش پاش ہو جائیں گے۔ آمروں کی گود میں پلنے والوں کے جمہوریت کو ڈی ٹریک کرنے کے تمام عزائم ناکام ہو چکے ہیں۔ آنے والے انتخابات میں آمروں کی گود میں پرورش پانے والے اپنے انجام کو پہنچ جائیں گے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر یہاں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں مختلف علاقوں سے آئے ہوئے سیاسی وفود سے بات چیت کر رہے تھے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مطلوب انقلابی اور مرکزی چیف آرگنائزر چوہدری پرویز اشرف اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے کشمیر ایشو پر جو دلیرانہ موقف اپنایا اس سے تحریک آزادی کو تقویت ملی۔ آج مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر موثر طریقے سے اجاگر ہوا۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ حکومت پاکستان نے مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کے لیے بھارت سے اعتماد سازی کے اقدامات کیے مگر بھارت جو ایک قابض اور غاصب ملک ہے اس نے کشمیریوں کے حقوق غصب کر رکھے ہیں۔ بھارت خود اقوام متحدہ میں گیا۔ اب وہ اقوام متحدہ کی ان قراردادوں سے انحراف کر رہا ہے۔ جسے اس نے اقوام متحدہ میں تسلیم کر رکھا ہے۔ بھارت اب تاخیری حربے اختیار کر کے طاقت کے ذریعے مسئلہ کشمیر حل کرنا چاہتا ہے۔ بھارت کی آٹھ لاکھ فوج نے مقبوضہ کشمیر کو ملٹری کیمپ میں تبدیل کر دیا ہے اور ریاستی دہشت گردی کے ذریعے ریاست جموں و کشمیر کے عوام کی حق خودارادیت کی تحریک کو دبا رہا ہے مگر کشمیری عوام قابض اور غاصب بھارت کو ریاست جموں وکشمیر کے عوام کے حق خودارادیت سے انحراف نہیں کرنے دیں گے۔ چھ لاکھ سے زائد شہداء نے حق خودارادیت کے حصول کے لیے لہو کا نذرانہ دیا۔ کشمیری شہداء کا مقدس لہو رائیگاں نہیں جا سکتا۔ بھارت کو کشمیری عوام کو استصواب رائے کا حق دینا ہی پڑے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حق خودارادیت ریاست جموں وکشمیر کے عوام کا بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حق ہے۔ تحریک آزادی کے بیس کیمپ کی حکومت اور عوام بھارت کے تمام منفی عزائم کو ناکام بنا دیں گے۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے بھارت کے غاصبانہ تسلط کے خاتمہ تک ہماری کوششیں جاری رہیں گی۔ آزادی کشمیریوں کا مقدر بنتی جا رہی ہے۔ اب بھارتی فوج زیادہ عرصہ تک کشمیریوں کی آزادی کا راستہ نہیں روک سکتی

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button