تازہ ترینعلاقائی

بھائی پھیرو:حکمران پارٹی ہوش کے ناخن لے وگرنہ پنجاب اسمبلی کے باہر احتجاجی دھرنادیا جائے گا۔وقارندیم

downloadبھائی پھیرو(نامہ نگار) عوام حکمرانوں کی پالیسیوں سے تنگ آچکے ہیں اس لیے آئندہ بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی بڑی قوت بن کر ابھرے گی۔ سیاسی مخالفین کو خوفزدہ کرنااور انتقامی کاروائیاں افسوسناک ہیں حکمران پارٹی ہوش کے ناخن لے وگرنہ پنجاب اسمبلی کے باہر احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار نائب امیر صوبہ پنجاب وقار ندیم وڑائچ نے امیر جماعت اسلامی بھائی پھیرو ڈاکٹر داؤد پرویز مغل کی رہائش گاہ میں زون پی پی 184کے ارکان،کارکنان اور بلدیاتی امیدواروں کے جائزہ اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے کیا۔اس موقع پر حلقہ این اے 142کے گروپ لیڈر حاجی محمد رمضان،نائب امیر ضلع سردار نور احمد ڈوگر،پی پی 184کے امیر ملک محمدصدیق ،بابر اسماعیل ،مقبول احمد کمبوہ ،نوازش علی کمبوہ ،سابق ممبر ضلع کونسل چوہدری سلیما ن گجر ،عبداللہ بلوچ ،اور دیگر بھی موجود تھے ۔وقار ندیم وڑائچ نے کہا کہ موجودہ حکومت نے صرف چند ماہ میں مہنگائی اوربد امنی کے ریکارڈ توڑ دیے ہیں کشکول توڑنے کے دعوے کرنے والوں نے بڑا کشکول پکڑ کر ملک کے عوام کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ہے چند ماہ میں لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے دعوے کرنے والے اب آئندہ پانچ سالوں میں لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے جھوٹے وعدے کرکے عوام کو بے وقوف بنا رہے ہیں ڈرون حملوں،فرقہ وارانہ فساد،اور دہشت گردی سے مرتے عوام کو چھوڑ کروزیر اعظم بیرون ملک سیر سپاٹے کر رہے ہیں عوام موجودہ حکمرانوں سے اکتا کر کسی نجات دہندہ کی تلاش میں ہیں صرف جماعت اسلامی کی صالح اور نیک قیادت ہی ملک کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے امریکہ ،اسرائیل اور انڈیا ہمارے ملک کے امن و امان تباہ کرنے کیلیے فرقہ وارانہ فساد کروا کر آپس میں لڑارہے ہیں پورے ملک کی پارٹیاں طالبان کے ساتھ مذاکرات پر متفق ہیں مگرحکمران امریکی اشاروں پر طالبان کے ساتھ مذاکرات کی بجائے انکے خلاف منفی پروپیگنڈا کرکے حالات کو خراب کر رہے ہیں انشا اللہ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی ایک قوت بن کر ابھرے گی اور مہنگائی ،بدامنی ،چوریوں ڈکیتیوں ،لوڈ شیڈنگ کے ستائے عوام اپنے ووٹوں کے تیروں سے شیر کو گیدڑ بنا دیں گے۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں اپنی یقینی شکست کو دیکھ کر حکمران پارٹی نے حلقہ بندیوں میں دھاندلی کی انتہا کردی ،اور اب اپنے سیاسی مخالفین کو ڈرا دھمکا کر الیکشن میں دھاندلی کا منصوبہ بنا رہی ہے پنجاب کے مختلف علاقوں میں سیاسی انتقامی کاروائیوں،جھوٹے مقدمات کروانے ،پولیس اور اپنے پالتوغنڈوں کے ذریعے مخالفین کو ہراساں کر نے کی اطلاعات مل رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ سیاسی مخالفین کو خوفزدہ کرنے اور انتقامی کاروائیوں کاسلسلہ بند کیا جائے وگرنہ جماعت اسلامی دیگر اپوزیشن جماعتوں سے مل کر پنجاب اسمبلی کے باہر شدید احتجاج کرے گی۔

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button