شہ سرخیاں
بنیادی صفحہ / تازہ ترین / پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کو11رنز سے شکست دے دی

پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کو11رنز سے شکست دے دی

hafeezشارجہ(نمائندہ سپورٹس) پہلے ون ڈے میں پاکستان نے سری لنکا کو سنسنی خیز مقابلے میں 11 رنز سے شکست دیدی، آئی لینڈرز 323 رنز کے تعاقب میں 311 رنز بناسکے، جنید خان نے 3 اور شاہد آفریدی نے 2 وکٹیں لیں۔ شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکن ٹیم 49.4 اوورز میں 311 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، کسل پریرا 64، دنیش چندی مل 46 رنز بنا کر نمایاں کھلاڑی رہے۔ تلکارتنے دلشان 30، کمار سنگاکارا 23، لاہیرو تھریمانے 10، کپتان انجیلو میتھیوز 31 اور تھیسارا پریرا 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد سیک کوگ پرسنا اور سچترا سینانائکے نے سری لنکا کی نیا پار لگانے کی کوشش کی۔ سری لنکا کے 221 رنز پر 7 وکٹیں گرنے کے بعد مصباح الحق کی جانب سے ناقص کپتانی کا مظاہرہ کیا گیا، بیٹنگ پچ پر وہ بولرز کو مناسب طریقے سے استعمال کرنے میں ناکام رہے، آفریدی کے اوورز باقی ہونے کے باوجود اختتام میں انہیں موقع ہی نہیں دیا گیا۔ پرسنا اور سینانائکے نے اس فاسٹ بولرز کو آسانی سے کھیلتے ہوئے 8.3 اوورز میں 87 رنز بناڈالے اور ایک موقع پر ایسا لگنے لگا کہ پاکستان یہ میچ ہار جائے گا تاہم سہیل تنویر کی گیند پر انور علی نے سینانائکے کا شاندار کیچ پکڑ کر صورتحال کو پاکستان کے حق میں کردیا، آخری اوور میں پرسنا بھی ہمت ہار گئے، دونوں نے 42، 42 رنز اسکور کئے۔ پاکستان کی جانب سے جنید خان نے 3، شاہد آفریدی نے 2، سہیل تنویر، محمد حفیظ اور بلاول بھٹی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ پرسنا کو شاندار کارکردگی پر گولڈن پلیئر آف دی میچ اور صہیب مقصود کو شاندار کیچ اور ماسٹر بلاسٹر کا ایوارڈ دیا گیا، محمد حفیظ کو سنچری اور ایک وکٹ حاصل کرنے پر مین آف دی میچ ایوارڈ کا حقدار قرار دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں  اے این پی کی ریلی میں دھماکا،2 ہلاک، امیدوار زخمی
error: Content is Protected!!